|

وقتِ اشاعت :   October 9 – 2019

کوئٹہ:  سریاب مل میں پانی و بجلی کی عدم فراہمی کیخلاف خواتین اور بچوں نے احتجاجاً ٹائر جلاکر سریاب روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کرکے دھرنا دیا۔

دھرنے میں شریک خواتین اور بچوں نے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی جبکہ شاہراہ کی بندش سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں مظاہرین نے حکومتی نمائندوں متعلقہ حکام اور ضلعی انتظامیہ کی یقین دہانی پر اپنا احتجاج ختم کیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز سریاب کے علاقے سریاب مل کے قریب علاقہ مکینوں جن میں خواتین اور بچے شامل تھے نے پانی اور بجلی کی عدم فراہمی کیخلاف سریاب روڑ پر احتجاج کیا۔

مظاہرین نے ٹائر نذرآتش کرکے شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بلاک کردیا جس سے شاہراہ پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہر ے میں علاقے مکینوں نے موقف اختیار کیا کہ انہیں گزشتہ ایک سال سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ اورپانی کی عدم فراہمی کا سامنا ہے۔ علاقے کے لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں سردی کے ایام میں گیس بھی غائب ہوجاتی ہے۔

انہوں نے سوئی گیس، واسا اور واپڈا کے اعلی حکام فی الفور متعلقہ حلقوں میں عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ بعد ازاں حکومتی نمائندوں متعلقہ حکام اور ضلعی انتظامیہ کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔ مظاہرے میں سیاسی جماعتوں کے علاقائی عہدیداروں ا ور کارکنوں نے بھی شرکت کی۔