کراچی : فیکلٹی آف کمپیوٹر سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، شھید بینظیر بھٹو یونیورسٹی لیاری کے طلباء کی جانب سے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اساتذہ کے اعزاز میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔
تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرا ختر بلوچ تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ استاد ایک باشعور معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے وہ طالب علموں کو صرف نصابی تعلیم کے زیور سے آراستہ نہیں کرتا بلکہ انکی اخلاقی تربیت بھی کرتا ہے تاکہ معاشرے میں ایک مثالی فرد کا اضافہ کیا جائے انہوں نے کہا کہ ایک وقت وہ تھا جب لوگ لیاری کو خوف کی علامت سمجھتے تھے۔
اور یہاں آتے ہوئے ڈرتے تھے لیکن لیاری یونیورسٹی کے ماحول کو دیکھ کر ان کی رائے تبدیل ہو رہی ہے۔ لیاری میں یونیورسٹی کے قیام نے لیاری کو ترقی دی ہے اسی طرح اس ترقی میں اساتذہ کا اہم کردار رہا ہے۔ لیاری کے لوگ مہمان نواز ہیں اور اساتذہ کا احترام کرتے ہیں، فیکلٹی آف کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اساتذہ کو بہتر طریقے سے اعزاز دیا ہے۔
جسکے لئے فیکلٹی کے ہیڈ ڈاکٹر مظہر علی ڈوتیو اور طلباء کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس موقعے پر فیکلٹی آف کمپیوٹر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ہیڈ مظہر علی اساتذہ کی اعزازی تقریب میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کو اعزاز دینے کا عالمی دن 1994 سے منایا جا رہا ہے جس کے ذریعے ہر سال اساتذہ کے احترام میں مختلف پروگرام کئے جاتے ہیں۔ اور ہم بھی اپنے محترم اساتذہ کو اعزاز دینے کے لئے یہ پروگرام کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر مظہر نے کہا کہ استاد طلباء کو صرف کورس یا نصابی تعلیم نہیں پڑھا رہے بلکہ وہ طلبہ کو زندگی گذارنے کے طریقے، سماج کو ترقی دلانے کے لئے جدوجہد کرنا اور ایک ذمہ دار فرد کی حیثیت سے ذمہ داری ادا کرنے کے سبق بھی سکھاتا ہے۔ اس لیئے استاد سماج کا ایک اہم رکن ہے جس کو ایک دن نہیں مگر ہمیشہ اعزاز سے نوازہ جائے۔ استاد کی تعریف اس پروگرام میں مکمل نہیں کی جا سکتی مگر اس کے لیئے مزید وقت درکار ہے کیونکہ استاد کا کردار پیغمبری کردار ہے۔ اساتذہ کو وائس چانسلر کی جانب سے اساتذہ کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔