|

وقتِ اشاعت :   October 11 – 2019

تربت :  آل پارٹیز اینڈ ایکٹیوسٹ الائنس کیچ اورانجمن تاجران تربت نے چوری ڈکیتی اوربدامنی کے خلاف14اکتوبر کوشٹرڈاؤن ہڑتال کااعلان کردیا، وارداتوں کے تدارک نہ ہونے اور ملزمان کی عدم گرفتاری کی صورت میں ڈویژنل اور صوبائی سطح پر احتجاج کو وسعت دیاجائے گا، یہ اعلان جمعرات کے روز آل پارٹیز اینڈ ایکٹیوسٹ الائنس کیچ کے کنوینر محمد جان دشتی اور انجمن تاجران تربت کے صدر اسحاق روشن دشتی نے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

بی این پی مینگل کے ضلعی دفترمیں منعقدہ پریس کانفرنس میں نیشنل پارٹی کے چیئرمین حلیم بلوچ، طارق بابل، گلزاردوست،مسلم لیگ (ن) کے نواب شمبے زئی، بی این پی مینگل کے شے نزیر احمد، عبدالواحدبلیدی، سیدجان گچکی، بی این پی عوامی کے خلیل تگرانی، کمال لعل جان، زاہدسلیمان، جے یو آئی کے عبدالباسط فیضی ودیگررہنمابھی موجودتھے، آل پارٹیز اینڈ ایکٹیوسٹ الائنس کے رہنماؤں نے کہاکہ تربت میں گزشتہ چند ہفتوں سے اچانک چوری۔

ڈکیتیوں اور قتل کی وارداتیں عام ہوگئی ہیں جن کے خلاف آل پارٹیز اینڈ ایکٹیوسٹ الائنس نے احتجاج کیا، متعلقہ ذمہ دارافسران سے ملاقاتیں کی گئیں، ڈی سی، ڈی پی او، ڈی آئی جی اورکمشنرمکران کے بعد صوبائی وزیرداخلہ اورآئی جی پولیس بلوچستان سے بھی ملاقاتیں کی گئیں سب کے سامنے صورتحال رکھاگیامگر صرف زبانی تسلیوں کے سواعملاً کچھ نظرنہیں آتا، ڈی سی اور ڈی پی اوسے ہمیں کسی قسم کی کوئی امیدنہیں۔

تاہم کمشنرمکران سے کچھ امیدتھی مگر ان کی یقین دہانیوں کے باوجودکوئی نتیجہ برآمدنہیں ہوا، انہوں نے کہاکہ آل پارٹیز اینڈ ایکٹیوسٹ الائنس کو احتجاج یاہڑتال کاقطعاً کوئی شوق نہیں ہم نے انتظامیہ کے ساتھ بہت تعاون کیا اورانہیں کافی وقت دیامگر کسی قسم کامثبت نتیجہ سامنے نہ آنے کے بعد اب احتجاج کے سواکوئی راستہ نہیں بچا ہے اس لئے ہم احتجاج کی طرف جارہے ہیں۔

،کیچ کی تمام سیاسی جماعتیں، کیچ سول سوسائٹی اورانجمن تاجران تربت نے متفقہ طورپر جمہوری اندازمیں احتجاج کافیصلہ کیاہے پہلے مرحلے میں 14 اکتوبر بروز پیر کو شٹرڈاؤن ہڑتال کیاجائے گا، اگر پھربھی ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

تو آل پارٹیز ڈویژنل اور صوبائی سطح پربھی احتجاج کو وسعت دے سکتے ہیں، انہوں نے کہاکہ جگہ جگہ کیمرے نصب ہونے اور ہرگلی کے نکڑپر چیک پوسٹوں کے قیام کے باوجود بھی جرائم پیشہ وسماج دشمن عناصر قانون کی گرفت سے بچ پائیں تویہ ایک لمحہ فکریہ ہے انہوں نے کہاکہ کیچ بار ایسوسی ایشن نے بھی شٹرڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کایقین دلایاہے۔