|

وقتِ اشاعت :   October 12 – 2019

تربت: آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ میجرجنرل سعید احمدناگرا نے کہاہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اوربھارت سمیت کسی بھی ملک کوکشمیر پاکستان سے الگ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے سکتے ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنمنٹ عطاشاد ڈگری کالج تربت میں کشمیریوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بٖڑی غلطی کی ہے اور اس حوالے سے عالمی برادری کے موقف کی حمایت کررہی ہے۔

جبکہ ہندوستانی موقف کو ردکرکے اس کی مذمت کررہے ہے انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کی جارحانہ اورناکام پالیسیوں کی وجہ سے کشمیر کامسئلہ بین الاقوامی سطح پر ایک مرتبہ پھر اجاگر ہونا شروع ہوگیاہے اوربین الاقوامی میڈیا میں مقبوضہ کشمیر کے مسئلہ کونمایاں طورپر پیش کیاجارہاہے انہوں نے کہاکہ 21ویں صدی میں کوئی بھی قوم علم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا جبکہ آج کے دورمیں بھی بھارت کی مودی حکومت جنگ،تشدد اور دھمکی کی زبان استعمال کرکے اپنے ہمسایہ ممالک کومرعوب کرناچاہتاہے انہوں نے کالج کے طلباء کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ۔

پاکستان کامستقبل ہمارے نوجوانوں سے وابستہ ہے اگر آپ علم کی روشنی سے فیضیاب ہوں گے توملک بھی ترقی کرکے خودبخود خوشحالی کی جانب گامزن ہوگا انہوں نے کہاکہ غیرمسلم اقوام علم کی طاقت سے بلندمقام پرپہنچ چکے ہیں جبکہ ہم ابھی بھی بے تعلیم اورجاہل اقوام کی صف میں شامل ہیں انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے اندر اتحاد اوریگانگت کامظاہرہ کرکے دشمن کی چالوں کو سمجھ کر ان کے مذموم عزائم کوناکام بنانا چاہیے۔

کیونکہ دشمن ہمیں تقسیم کرکے آپس میں لڑاکر الجھانا چاہتا ہے اوراپنے ناپاک مقاصدکی تکمیل چاہتاہے تاکہ ملک کااتحاد پارہ پارہ ہوجائے مگرپاک فوج ان کے ناپاک ارادوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوارکی طرح ہمہ وقت کھڑی رہے گی، دریں اثناء گورنمنٹ عطاشاد ڈگری کالج تربت کے طلباء نے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کے حوالے سے تقاریر اور ملی نغمے پیش کئے اس دوران کالج ہال کشمیربنے گا پاکستان کے نعروں سے مسلسل گونج رہاتھا۔