سوراب : بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹر ی جنرل ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری چیئرمین لعل جان بلوچ اور مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری موسیٰ بلوچ نے کہا ہے کہ بی این پی بلوچستان کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔ بلوچستان کے عوام نے جو مینڈیٹ دیا پارٹی قیادت اور پارلیمانی اراکین صوبے کے عوام کو جوابدہ ہیں اور ہمارے فیصلے پارٹی کے آئینی ادارے کرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوراب میں منعقدہ ضلعی کونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین الیکشن کمیٹی لعل جان بلوچ نے ضلعی کابینہ کے انتخابات کرائے جس کے تحت عبدالطیف صدر اور امان اللہ جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔
ضلعی کنونش سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ ڈکٹیٹر اور سول آمریت میں ہونے والے ظلم وزیادتیوں،نارواسلوک میں پارٹی کے نظریاتی و فکری ساتھی ثابت قدم رہے اور مصائب کے باجوود حالات کا مقابلہ کرکے ثابت کیا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نظریاتی اور فکری جدوجہد کرنے والی اکابرین اور سیاسی کارکنوں کی جماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2018ء کے عام انتخابات میں بی این پی کی کامیابی ان شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے جنہو ں نے خطرات اور حالات کو خاطر میں لائے بغیر بلوچستان کے تمام علاقوں میں تنظیم سازی کرکے پارٹی کی فکر اور نظریہ کا پرچار کیا اور لوگوں کو باور کرایا کہ بی این پی بلوچستان میں بسنے والی تمام محکوم اقوام کی نجات دہندہ جماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی نے مراعات، وزارت اعلیٰ اور وزارتوں کوٹھکرا کر لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے جدوجہد کو ترجیح دی اور حکومت سے گوادر میں ہونے والے میگا منصوبے سے وہاں کے عوام کو اقلیت میں تبدیل ہونے سے محفوظ رکھنے کیلئے قانون سازی، وفاقی ملازمتوں میں بلوچستان کے 6 فیصد کوٹہ پر عملدرآمد، سڑکوں کی تعمیر،نئے گرڈ اسٹیشنز کا قیام،پینے کے پانی کیلئے ذرائع پیدا کرنا ڈیمز کی تعمیر یونیورسٹی اور ہسپتالوں کے قیام سے کیلئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ اکسویں صدی میں بلوچستان کے لوگ پینے کے پانی،صحت، تعلیم انفراسٹریکچر کی تعمیر کا مطالبہ کررہے ہیں۔ بجلی نہ ہونے کے باعث سائنس و ٹیکنالوجی کے دورے میں ہمارے بچے بجلی کے نور سے منور ہونے کے بجائے چراغ کی روشنی میں پڑھنے پر مجبور ہیں یہ بچے کیسے میرٹ پر اپنا حق لے پائیں گے۔ ہمیں اپنے لوگوں اور اس سرزمین سے محبت ہے اور یہ گناہ جب تک زندہ ہیں کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کو بلوچستان کے عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے پارٹی قیادت اور پارلیمانی اراکین صوبے کے عوام کو جوابدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع میں یکساں ترقی اور عوام کو درپیش اجتماعی مسائل کے حل کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ مقررین نے ضلعی عہدیداروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام میں شعور و آگاہی کو فروغ دینے کیلئے اسٹڈی سرکلز کے انعقاد کو یقینی بنائیں۔