|

وقتِ اشاعت :   October 17 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی خضدار کے رہنماوں نے صوبائی حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اربن ڈویلپمنٹ قلات ڈویژن کے ایکسیئن کوعہدے سے ہٹایا جائے بصورت دیگر سخت احتجاج کیا جائے گا۔

جس کی تمام ترذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔ یہ بات بی این پی عوامی خضدار کے سابق جنرل سیکرٹری میرمنیراحمدزہری،سابق ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری رئیس لشکری بلوچ،میرقادر زہری،میر علی اکبرزہری و دیگر نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ خضدار جہاں صوبے کا دوسرا بڑا شہر اور مختلف حوالوں سے اہمیت کا حامل ہے وہاں سی پیک کے حوالے سے انتہائی اہمیت رکھتا ہے لیکن بدقسمتی سے اسے ہمیشہ نظرانداز کیا گیا۔

انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اربن ڈویلپمنٹ قلات ڈویژن کے ایکسیئن گزشتہ کئی سال سے اس عہدے پر ہیں مگر انکا دفتر ویرانے کا منظر پیش کرتا ہے دفتر میں کوئی اہلکار ڈیوٹی نہیں دیتا مگر سب تنخواہ وصول کر رہے ہیں جب سے مذکورہ افسر کی تقرری عمل میں آئی ہے تب سے نہ صرف عوام بلکہ ٹھیکیداروں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے انکی اکثر رہائش کوئٹہ میں رہتی ہے۔

مہینے میں ایک آدھ بار خضدارآکر واپس چلے جاتے ہیں انکا فون بھی اکثر بند رہتا ہے جس کی وجہ سے ا ن سے رابطہ بھی ممکن نہیں رہتا گزشتہ روز ایک ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈر ہونے تھے اس دوران مذکورہ افسر اپنے دفتر سے چلے گئے اور من پسند ٹھیکیداروں کو ٹھیکے دیدیئے جس کی وجہ سے دیگر کی حق تلفی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی وہ پسند کے ٹھیکیداروں کو کروڑوں روپے کے منصوبے دیکر ان سے مبینہ طور پر وصولی کرتے رہے ہیں۔انہوں نے صوبائی حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ محکمے میں جاری مبینہ کرپشن کا نوٹس لیا اور مذکورہ ایکسیئن کو عہدے سے ہٹایا جائے۔