کوئٹہ : قلات کے علاقے بینچہ کے قریب قومی شاہراہ پر تیل برداری گاڑی اور کمشنر مکران ڈویژن کی گاڑی میں ہونے والے تصادم کے نتیجے میں کمشنر مکران ڈویژن کیپٹن (ر) طارق زہری محافظ اور دیگردو افراد سمیت جھلس کرجاں بحق ہوگئے۔
قلات لیویز کے مطابق قلات سے پچاس کلومیٹر دور بینچہ کے قریب قومی شاہراہ پر پنجگور سے تیل لے جانیوالے تیل بردار گاڑی مخالف سمت سے آنے والے گاڑی سے ٹکرا گئی حادثے کے بعد دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں جھلس کر چار افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے اور ایک شدید زخمی ہو گیا جاں بحق افراد کی لاشیں جھلس جانے کی وجہ سے ناقابل شناخت ہو گئی ہیں جنہیں ڈی ایچ کیو قلات کے سرد خانے میں رکھ دیا گیا ہے جبکہ ایک شدید زخمی محمدعالم ولد محمد ہاشم قوم اچکزئی سکنہ پشین کو ابتدائی طبعی امداد کے بعد کوئٹہ روانہ کر دیا گیا ہے رات گئے۔
کمشنر مکران ڈویژن کے خاندانی ذرائع نے ٹریفک حادثے میں ان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر مکران ڈویژن طارق زہری کوئٹہ سے کراچی جارہے تھے کہ بینچہ کے قریب قومی شاہراہ پرپیش آنے والے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ واضح رہے کمشنر مکران ڈویژن کیپٹن (ر) طارق زہری مختلف انتظامی عہدؤں پر تعینات رہے ہیں۔