فٹبال کے شائق فنکار ٹیری لی نے کئی سال ’ٹیبل فٹبال‘ کے کھلاڑیوں کو استعمال کرتے ہوئے ورلڈ کپ کے یادگار واقعات دوبارہ تشکیل دیے ہیں۔ اس تصویر میں سپین کے جیرارڈ پیکے کو 2010 کے ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائے دیکھا جا سکتا ہے۔ لی نے انٹرنیٹ پر ان کھلاڑیوں کی مخصوص شبیہیں دستیاب دیکھ کر یہ کام کرنے کا فیصلہ کیا اور کولمبیا کے گول کیپر رینے ہیگویتا کی مشہور ’سکورپیئن کک‘ کی یاد بھی تازہ کی۔ 2010 کے فائنل میں ہالینڈ اور سپین مدِمقابل آئے تھے اور ہالینڈ کے نائیجل ڈی جونگ کو سپین کے ڑابی الونزو کے سینے پر لات مارنے کی وجہ سے زرد کارڈ دکھایا گیا۔ یہ فاؤل اتنا برا تھا کہ مبصرین نے اسے ’کراٹے کک‘ قرار دے دیا۔ لی نے جو یادگار لمحات تخلیق کیے ہیں ان میں فرانس کے زین الدین زیدان کی اٹلی کے میتارازی کو 2006 کے ورلڈ کپ فائنل میں ماری گئی ٹکر بھی شامل ہے۔ 1986 کے ورلڈ کپ میں ارجنٹائن کے ڈیاگو میراڈونا کا ’ہینڈ آف گاڈ‘ کے نام سے معروف گول بھی لی کی تخلیقات میں شامل ہے۔ 1998 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے ڈیوڈ بیکہم کو ارجنٹائن کے ڈیاگو سیمون کو لات مارنے پر سرخ کارڈ دکھا کر باہر بھیجے کا جانے کا لمحہ بھی لی کی یادداشت میں محفوظ رہا۔ 1990 میں اٹلی میں منعقدہ ورلڈ کپ میں افریقی ملک کیمرون کے روجر ملا کا گول کرنے کے بعد جشن منانے کا انداز بھی لی کی تخلیقات کا حصہ ہے۔ 30 جولائی 1966 کو انگلینڈ نے پہلی اور اب تک آخری بار فٹبال کا ورلڈ کپ جیتا۔ لی کے مطابق یہ لمحہ ہر انگلش فٹبال شائق کے دل میں زندہ ہے۔ 1970 میں دفاعی چیمپیئن انگلینڈ کی برازیل سے شکست کے بعد پیلے اور بوبی مور کا گلے ملنا بھی لی کے یادگار لمحات کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔ اسی ٹورنامنٹ میں پیلے کے ہی یادگاری لمحات میں اٹلی کے خلاف میچ میں گول کرنے کے بعد مکہ لہرا کر فتح کا جشن منانا بھی شامل ہے۔