|

وقتِ اشاعت :   October 22 – 2019

کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ پر پولیس موبائل کے قریب موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنڑول بم کے دھماکے میں تین پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق پیر کی شام کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ پرواقع نجی اسکول کے قریب گشت پر مامور خروٹ آباد تھانے کی موبائل گاڑی کو دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیاگیاتھادھماکے کے نتیجے میں تین پولیس اہلکاروں سب انسپکٹر نثار احمد،ڈرائیور خان محمد اور گن مین ارسلان سمیت چار سالہ بچی فریحان، 7سالہ اسد اللہ،فرید احمد، بلال احمد، حاجی اکبر اور مریم زخمی ہوگئے۔ جنہیں فوری طبی امداد کیلئے بی ایم سی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر دھماکے کے مقام کو گھیرے لے لیا اور شوائد جمع کئے جبکہ زخمیوں کو امدادی رضاکاروں نے ہسپتال منتقل کیا۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگونے ہسپتال پہنچ کر دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف فورسز کے حوصلے و عزائم قابل فخر ہیں ان کی بدولت صوبے میں امن قائم ہوا ہے ملک دشمن عناصر اور دہشتگرد نہیں چاہتے کہ ملک اور صوبے میں امن قائم ہو اور عوام سکون کی زندگی بسر کرسکیں۔عوام اورسیکورٹی فورسز ملکر ان دہشتگردوں کو شکست دیں گے۔ آخر میں انہوں نے زخمی ہونے والے اہلکار کیلئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے