|

وقتِ اشاعت :   October 23 – 2019

کوئٹہ: پی پی ایچ آئی بلوچستان کے زیر انتظام میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سنٹرز MERC پروجیکٹ نے قلات اور خضدار میں ہائی وے ایمرجنسی سروسز کا آغاز کر دیا۔

تربیت یافتہ ریسکیو ٹیم نے ایمرجنسی میڈیکل سینٹر باغبانہ خضدار اور آغا عرفان ہسپتال قلات میں ذمہ داریاں سنبھال لیں۔پروجیکٹ کے ایڈمن منیجر ذوالفقار ساسولی نے گزشتہ روز دونوں سینٹرز کا دورہ کرکے سینٹر کی زمہ داریاں عملے کو سونپ دیں۔ جس سے کراچی کوئٹہ قومی شاہراہ پر ایمرجنسی سروسز کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ ایمرجنسی سینٹرز کو میڈیکل آلات اور ایمبولینس سروس سے لیس کیا گیا ہے۔

جہاں ایمرجنسی ٹیم چوبیس گھنٹے سروسز کے لیے موجود رہے گی۔ کراچی قومی شاہراہ پر مزید پانچ سینٹرز لک پاس، دراکھالہ، کوراڑو، ٹھیارو اور گڈانی بھی تکمیل کے مراحل میں ہیں تکمیل پاتے ہی کراچی کوئٹہ روٹ پر ایمرجنسی کی مکمل زمہ داریاں سنبھال لیں گے۔ منصوبے سے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کو بروقت طبی امداد دی جائے گی۔

چیف ایگزیکٹیو آفیسر پی پی ایچ آئی بلوچستان عزیز احمد جمالی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سڑک حادثات میں انسانی جانوں کو بچانے کے لیے یہ منصوبہ بہت اہم ہے پہلے مرحلے میں آر سی ڈی ہائی وے پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔

دوسرے بیچ کی تربیت مکمل ہونے کے بعد کوئٹہ ژوب شاہراہ پر سروسز کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی سینٹرز کے لیے جہاں سرکاری عمارات دستیاب ہیں انہیں استعمال میں لایا جا رہا ہے اور جہاں عمارتیں نہیں ہیں وہاں جدید تعمیرات اور پری فیبریکٹڈ اسٹرکچرز کے ذریعے ایمرجنسی سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ تاکہ بروقت انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔