|

وقتِ اشاعت :   October 24 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان یونیورسٹی میں طلباء و طالبات کو بلیک میلنگ اور ہراسمنٹ جیسے مکروہ فعل کے حوالے سے بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کردہ اسپیشل کمیٹی کا اجلاس اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا کمیٹی نے متفقہ طور پر محترمہ ماہ جبین شیران کو کمیٹی کا چئیر پرسن منتخب کر کیا۔

کمیٹی کے جانب سے ان تمام طلباء و طالبات جو بلیک میلنگ و ہراسمنٹ کی زد میں آئے ہیں سے تحریری ثبوت مانگنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس بابت کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کر سکے لہذا کمیٹی نے ان تمام طلباء و طالبات سے بلیک میلنگ اور ہراسمنٹ کی شکایات تحریری طور پر تین یوم کے اندر اندر طلب کر کی ہے۔ شکایات یا ثبوت پیش کرنے والے طلباء و طالبات کے نام صیغہ راز میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں کمیٹی کا اجلاس بروز جمعرات سہہ پہر تین بجے صوبائی اسمبلی کمیٹی روم میں منعقد ہوگا کمیٹی میں اراکین صوبائی اسمبلی سید احسان شاہ۔ ثنا اللہ بلوچ شکیلہ نوید دہوار۔ میر اسد اللہ بلوچ۔ دنیش کمار۔ میر سلیم احمد کھوسہ۔ سید فضل آغا۔ نصراللہ زیرے اور ملک نعیم شامل ہیں۔بی این پی کی رکن اسمبلی شکیلہ نوید دہوار کے مطابق معاملہ کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے کمیٹی کی سربراہی خاتون رکن کو دی گئی ہے تاکہ متاثرہ بچیوں سے ملاقات میں کمیٹی کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ان کے مطابق پارلیمانی اراکین اس بات پر متفق ہیں کہ بلوچستان یونیورسٹی میں پیش آنیوالے واقعات کی جلد از جلد تحقیقات مکمل کرکے اسکی رپورٹ اسمبلی میں پیش کریں اس سلسلے میں آج کمیٹی کے اراکین یونیورسٹی کا دورہ کریں گے جہاں یونیورسٹی انتظامیہ اور طلباو طالبات سے ملاقات کریں گے۔