خضدار: ممتاز صحافی کالم نگار اور خضدار پریس کلب کے سینئر نائب صدر میر عبدالقادر قلندرانی طویل علالت کے بعد کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے وہ گزشتہ پانچ ماہ سے کینسر کے موزی مرض کا مقابلہ کر رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق خضدار کے سینئیر صحافی،کالم نویس اور پریس کلب کے نائب صدر میر عبدالقادر قلندرانی گزشتہ پانچ ماہ سے کینسر کا مقابلہ کر رہے تھے بدھ علی الصبح وہ کینسر کے مرض کے ہاتھوں ہار گئے اور اس دنیا سے رخصت ہو گئے،مرحوم کی تدفین ان کے اباہی علاقہ توتک میں کر دی گئی نماز جنازہ میں جھالاوان عوامی پینل کے سربراہ میر شفیق الرحمن مینگل۔
خضدار پریس کلب کے عہدیداران و ممبران سمیت سیاسی قبائلی عمائدین علماء کرام اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی،مرحوم میر عبدالقادر قلندرانی شعبہ صحافت کے ساتھ منسلک ہونے کے علاوہ سیاسی وابستگی بھی رکھتے تھے اور ان کا شمار جمہوری وطن پارٹی کے بانی سربراہ نواب اکبر خان بگٹی کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا،میر عبدالقادر قلندرانی خضدار پریس کلب کے مختلف عہدوں پر فائز رہے۔
اور دیانتداری اور غیر جانبداری سے اپنی صحافتی امور انجام دی،بزرگ صحافی ہونے کے ساتھ ساتھ حالات حاضرہ پر وہ گہری نظر رکھتے تھے ان کے انتقال سے خضدار پریس کلب اور شعبہ صحافت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا ہے خضدار پریس کلب کی جانب سے ان کے انتقال پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور ان کے انتقال کے دکھ میں خاندان کے صدمہ میں برابر شریک ہونے کی خاطر پریس کلب کے تمام سرگرمیاں ایک دن کے لئے معطل کر دی گئی۔