کوئٹہ: ڈپٹی کمشنر کوئٹہ وچیئرمین ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کیپٹن(ر) طاہر ظفر عباسی نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ پرائس لسٹ پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا سرکاری مقررکردہ پرائس لسٹ پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں جرمانہ اور سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
صاف ستھری اور معیاری خوراک کی فراہمی ہم سب کی مذہبی اور اخلاقی ذمہ داری بنتی ہیں اشیاء خورد نوش فر وخت کرنے والی دکانوں پر پرائس لسٹ کی عملد اری کو یقینی بنائیں یہ بات انہوں نے ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی کے ایک اجلاس کی صدارت کے موقع پر کہی اجلاس میں میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) ثناء صافی، سابقہ کونسلر و سماجی کارکن محمد اسلم رند، پامیر کنزیومر سوسائٹی کے چیف کوآرڈینیٹر نذرمحمد بڑیچ، انجمن تاجران صدر ہوٹل و ریسٹورنٹ رحیم آغا،صدر ڈیری فارمز ایسوسی ایشنز الطاف گجر کے علاوہ مٹن اینڈ بیف ایسوسی ایشنز، پولٹری فارمز، ملک شاپ اورر نان بائی کے صدرور اور دیگر متعلقہ ایسوسی ایشنز کے عہدیداران اور ممبران بھی موجود تھے۔
اجلاس سے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ سرکاری مقررکردہ پرائس لسٹ پر من وعن عملدرآمد کروایا جائے گا اس سلسلے میں پرائس لسٹ کے برخلاف اشیاء خوردنوش فروخت کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی لہذا تمام دکاندار ان سرکاری پرائس لسٹ کے مطابق خرید فروخت کو یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ شہر میں اشیائے خوردنوش کی قیمتوں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ حفظان صحت کے اصولوں برخلاف اشیائے فروخت کرنے اور زائدالمعیادو مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے قصائیوں کو سختی سے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں دکانوں کے سامنے جانور ذبح کرنے پراورگندگی پھیلانے پر پہلے مرحلے میں دس ہزار روپے جرمانہ اور وارننگ دی جائیگی اگر دکاندار دوبارہ اس جرم کا مرتکب پایا گیا تو اس کی دکان سیل کرکے دکان مالک کو جیل بھجوایا جائے گا انہوں نے کہا کہ شہر میں کسی دکاندار کو پرائس لسٹ کے برخلاف اشیائے خوردنوش کی فروخت کی اجازت نہیں ہوگی۔
پرائس لسٹ پر مقرر کردہ قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا ہے لہذا خودساختہ قیمتیں مقرر کرنا اور لوگوں کومہنگے داموں اشیاء فروخت کرنا پرائس کنٹرول کمیٹی کے فیصلوں کے منافی ہے انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی پرائس لسٹ کے مطابق اشیائے خوردنوش خریدیں اگر کوئی بھی دکاندار زائد قیمت وصول کرے تو اس کی اطلاع ڈپٹی کمشنر آفس کو دیں تاکہ ان کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔