|

وقتِ اشاعت :   October 25 – 2019

تربت: یونیورسٹی آف تربت اور قومی احتساب بیورو(نیب)بلوچستان کے تعاون سے بدعنوانی کے برے اثرات کے بارے میں آگاہی وتدارک مہم کے سلسلے میں تربت یونیورسٹی کے گوادرکیمپس میں ایک لیکچرپروگرام کا اہتمام کیاگیاجس میں نیب بلوچستان کے ڈائریکٹرزاہدشیخ، ڈائریکٹرگوادرکیمپس اعجاز احمد اور لیکچررشعبہ کامرس ذین العابدین نے خطاب کیا۔

لیکچررپروگرام میں نیب بلوچستان کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عدنان ذاکر، انچارج شعبہ منیجمنٹ سائنسز عبیدعلی،انچارج شعبہ کامرس مجاہدحسین، فیکلٹی ممبران فداحسین،ارشادبلیدی،محمداکرم،میربلال خان، ماجدعلی،گل شیر اور منیجرعسکری بینک بجاربلوچ کے علاوہ طلبہ وطالبات کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔ بدعنوانی کے اسباب اور اس کے تدارک پر اظہار خیال کرتے ہوئے نیب بلوچستان کے ڈائریکٹرزاہدشیخ نے کہاکہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ قومی احتساب بیورو کی پہلی ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں سمیت مختلف سرکاری وغیرسرکاری اداروں،سول سوسائٹی، میڈیا اور دیگراداروں کے تعاون سے بدعنوانی کو جڑسے اکھاڑنے کے لئے قومی احتساب بیورو کے زیراہتمام آگاہی مہم شروع کی گئی ہے۔

آج کا یہ لیکچرپروگرام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔اس آگاہی مہم کوکامیاب بنانے میں تعاون کرنے پرنیب بلوچستان کے ڈائریکٹرزاہدشیخ نے ہائرایجوکیشن کمیشن کے چئیرمین سمیت تمام جامعات کے وائس چانسلرز اور یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر،فیکلٹی ممبران،انتظامی افسران اور طالب علموں کا شکریہ اداکیا۔ اپنے پریزنٹیشن میں انہوں نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے قومی احتساب بیورو کی جانب سے کئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

لیکچرپروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹرگوادرکیمپس اعجاز احمدنے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابر نے کرپشن کے خلاف نیب کے زیراہتمام جاری آگاہی وتدارک مہم میں بھرپورشرکت اور تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کے لئے آگاہی و تدارک مہم میں حصہ لینا قومی فریضہ ہے۔

اور اس مہم میں تربت یونیورسٹی مین کیمپس تربت اور گوادر کیمپس قومی احتساب ہیوروکے ساتھ کھڑی ہے۔لیکچرر ذین العابدین نے اظہارخیال کرتے ہوئے لیکچرپروگرام کے اغراض و مقاصد اور ملکی معیشت پربدعنوانی کے خطرناک اثرات پر روشنی ڈالی۔پروگرام کے اختتام پر سوال جواب کا سیشن ہوا جس میں ڈائریکٹر نیب بلوچستان نے شرکاء کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیئے۔

اس موقع پر ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے فیکلٹی ممبران اور طلبہ وطالبات نے مختلف تجاویز بھی پیش کئے۔دریں اثناء ڈائریکٹرگوادرکیمپس نے وائس چانسلر کی جانب سے ڈائریکٹر نیب بلوچستان کو تربت یونیورسٹی کا یادگاری شیلڈ اور ڈائریکٹر نیب بلوچستان نے گوادر کیمپس کے ڈائریکٹر کو قومی احتساب بیورو کا شیلڈپیش کیا۔ زاہد شیخ نے کیمپس کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔