خضدار: آل پارٹیزشہری ایکشن کمیٹی خضدار کے چیئرمین مولانا عنایت اللہ رودینی کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر خضدار میجرریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی سے ملاقات،ملاقات میں شہر کے بنیادی سے آگاہ کیاڈپٹی کمشنر خضدار میجرریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی نے کہاکہ عوامی مسائل کا حل ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے ان مسائل کی نشاندہی اور باہمی مشاورت سے مزید بہتری لائی جا سکتی ہے۔
اجلاس میں آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین مولانا عنایت اللہ رودینی، اور شہری ایکشن کمیٹی کے ممبران و نمائندگان مسلم لیگ (ن) خضدار کے صدرمیر عبدالرحمن زہری، نیشنل پارٹی کے رہنماء و وائس چیئرمین آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی عبیداللہ گنگو، بی این پی (عوامی) خضدار کے آرگنائزر نورالدین چھٹہ، ڈاکٹر محمدر فیق، بی این پی خضدار تحصیل کے صدر حاجی محمد اقبال لانگو،جے یوآئی بلوچستان کے نائب امیر مولانا محمد صدیق مینگل،پیپلز پارٹی ضلع خضدار کے قائمقام صدر سجاد زیب بلو چ،جے یوآئی نظریاتی کے رہنماء مولانا عبدالغفور کرخی، بلوچستان ڈیمو کریٹک ضلع خضدار کے آرگنائزر عبدالستاررہبر، شیر احمد بلوچ،مسلم لیگ (ن) خضدار کے رہنماء عید محمد ایڈوکیٹ،سیکریٹری عنایت اللہ،انجمن تاجران خضدار کے صدر حافظ حمید اللہ مینگل، سید سمیع شاہ اور ایس ایس پی خضدار گل سعید خان آفریدی ایف سی کیپٹن ذیشان، اے ڈی سی عبدالقدوس اچکزئی، اسسٹنٹ کمشنر خضدار محمد نعیم عمرانی، پی ایس ٹو ڈپٹی کمشنر خضدار محمد مراد گزوزئی و دیگر شریک تھے۔
مشترکہ چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرتے ہوئے آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے نمائندوں کا کہناتھاکہ خضدار میں عوامی مسائل پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے، ان مسائل میں تعلیم، صحت،پینے کے صاف پانی کے حوالے سے خضدار میں جو مسائل عوام کو درپیش ہیں انہیں حل کیا جائے،شہر میں قیام امن کے مضبوط نظام، رہزنی وچوری کی ورداتوں پر قابوپانے کے لئے موثر اقدامات کیئے جائیں۔
شہر میں ٹریفک کے نظام کی درستگی، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے، شہر میں منشیات کا پھیلاؤ ایک خطرناک حد تک بڑھ رہاہے جس کی وجہ سے نئی نسل شعوری و لاشعوری طور پر اس کا ایندھن بن رہاہے، اس کے روک تھام کے لئے بھی ضلعی انتظامیہ ایک پالیسی بنائے اور اس کے تدارک کے لئے فوری اقدامات عمل میں لائے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ محمد الیاس کبزئی نے کہاکہ وہ خودعوام کی آواز اور ترجمان ہیں جہاں کہیں بھی عوام کو کوئی مسئلہ درپیش آجائے تووہ اپنی موجودگی کووہاں یقینی بناتے ہیں، سیاسی جماعتوں کی جانب سے پیش کیئے گئے تجاویز کو میں قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں شہر وضلع میں جو بھی مسائل حل کرنے ہوں یا ضلعی انتطامیہ کو جو اقدامات بروئے کار لانے ہوں تو وہ مشاورت اور سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی تجاویز کی روشنی میں سامنے لائیں گے۔
ہم نے نیک نیتی اور انصاف کے ساتھ ماضی میں بھی اقدامات اٹھائے ہیں اور آئندہ بھی اسی سوچ اور راہ پر عمل پیراہ ہوکر عوامی مسائل کو کم کرنے کے لئے اقدامات کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ اس میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے جہاں کہیں بھی کوئی مسئلہ ہو تو وہاں سیاسی جماعتوں کے نمائند ے ضلعی انتظامیہ کی رہنمائی کریں اور اپنے مثبت مشاورت اور تجاویز سے ہمیں آگاہ کریں ایسے مسائل ہم مل کر حل کریں گے