|

وقتِ اشاعت :   October 25 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ ورکن قومی اسمبلی سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان یونیورسٹی میں پیش آنیوالے اسکینڈل نے دنیا بھر میں رہنے والے لوگوں کے دل ہلاکر رکھ دیئے ہیں۔اپنے بچوں اور بچیوں کے تحفظ کیلئے ہمیں یک آواز ہوکر جدوجہدکرنی چائیے۔

بلوچستان یونیورسٹی میں پیش آنیوالے ہراسگی اور بلیک میلنگ کے واقعات کیخلاف بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام 26 اکتوبر کو ہونے والے احتجاجی ریلی اور دھرنے سے متعلق اپنے جاری ایک ویڈیو پیغام میں بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے مز ید کہا کہ حالیہ دنوں بلوچستان یونیورسٹی میں پیش آنیوالے ایک اسکینڈل سے نہ صرف اہلیاں بلوچستان بلکہ پوری دنیا میں بسنے والے لوگوں کے دل ہلاکر دکھ دیئے ہیں۔

بلوچستان یونیورسٹی وہ ادارہ ہے جہاں بلوچستان کے دور دراز علاقوں سے ہمارے بچے اور بچیاں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے آتے ہیں، لیکن افسوس کیساتھ کہنا پڑرہا ہے اس واقعہ نے نہ صرف ان بچیوں کے حوصلہ پست کئے بلکہ ان کے والدین اپنی بچیوں کو اس طرح کے تعلیمی اداروں میں بھیجنے سے گریزاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قوم، قبیلہ،فرقہ، مذہب، اور سیاسی وابستگیوں سے سے بالا تر ہوکر ہمیں یک آواز ہوکر بلوچستان میں بسنے والی بچیوں کے تحفظ کیلئے عملی جدوجہد کرنی چایئے۔ انہوں نے کہاکہ 26 اکتوبر کو بلوچستان یونیورسٹی میں پیش آنیوالے اسکینڈل کیخلاف ہونے والے احتجاجی ریلی اور دھرنے میں اہل بلوچستان اپنی شرکت یقینی بنائیں۔