|

وقتِ اشاعت :   October 26 – 2019

کوئٹہ: نیشنل لیبر فیڈریشن کے رہنماؤں نے اس بات پر زوردیا ہے کہ کوئلہ کانوں، بھٹہ مزدوروں سمیت تمام مزدوروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے اگر مائن اونرز نے اس طرف توجہ نہیں دی تو مزدور مائینز پر قبضہ کرلیں گے اوراپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہونگے، جبکہ مائن اونرز نے بھی اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ پنجاب میں سموک کے نام پر بھٹے بند کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اس سے لاکھوں مزدوروں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوجائیں گے۔

بی این پی کے پارلیمانی لیڈر نصیر احمد شاہوانی نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی آواز کو اسمبلی فلور پر موثر طریقے سے اٹھائیں گے، ان خیالات کا اظہار ملک نصیر احمد شاہوانی، مائینز اونرز کے صدر میر بہروز، نیشنل لیبر فیڈریشن کے شمس الرحمن نے جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان، عبدالرحیم، میرداد خیل، غلام نبی مری، عبدالغفار مینگل، عابد بٹ اوردیگر نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں نیشنل لیبر فیڈریشن کی گولڈن جوبلی کے موقع پر سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پر متعدد قراردادیں پیش کی گئیں جن میں مطالبہ کیاگیا کہ پنجاب میں لیبر انسپکشن اور بلوچستان میں ٹریڈ یونین پر پابندی کو ختم کیاجائے، او بی آئی ورکرز ویلفیئر بورڈ کا دائرہ کار نان فارمل سیکٹر تک بڑھایاجائے بلوچستان کے وسائل پر حق تسلیم کیاجائے سرفریقی کانفرنس بلاکر مزدوروں کو نمائندگی دی جائے یکساں نظام تعلیم رائج کیاجائے ٹھیکیداری سسٹم کو ختم کیاجائے تمام بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں ڈی ایم ڈی ٹیسٹ کا آڈٹ کیاجائے۔

شمس الرحمان سواتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کے مسائل نظام کی تبدیلی سے حل ہوسکتے ہیں 72سال سے مزدوروں کو نظرانداز کیاگیا ہے70فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزاررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ جو سہولتیں بڑے لوگوں کے بچوں کو حاصل ہیں ہمارے بچوں کوبھی مہیا کی جائیں، عبدالرحیم میردادخیل نے کہا کہ آج مزدوروں کو جو مسائل درپیش ہیں ان میں غرت مہنگائی بے روزگاری تعلیم اور علاج شامل ہیں حکمران ٹریڈ یونین کی حوصلہ شکنی کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سموک کے نام پر بھٹوں کی بندش سے لاکھوں مائن اونرزبھی متاثر ہونگے ہم مائینز کو بند نہیں ہونے دیں گے قبضہ کرکے اپنا روزگار کو جاری رکھیں گے، رکن صوبائی اسمبلی ملک نصیر احمد شاہوانی غلام نبی مری اوردیگر نے کہا کہ بلوچستان وسائل سے مالا مال صوبہ ہے حکمران صوبے کے عوام کے اس حق کو تسلیم کریں صحت، تعلیم جیسی سہولیات روڈ کی تعمیر ومرمت کرائے نصیر احمد شاہوانی نے کہاکہ بی این پی نے ہر جدوجہد میں مزدوروں کا ساتھ دیا ہے اب بھی بلوچستان اسمبلی میں مزدوروں کی آواز کو موثر طور پراٹھائیں گے۔