کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ عزت اور ناموس ہمارا قومی وقار ہے، اپنے حقوق کا دفاع کرنا جانتے ہیں حکومت نے یونیورسٹی اسکینڈل میں ملوث ملزمان کیخلاف کارروائی میں غفلت برتی تو اپنی قومی اور عظیم روایات کے مطابق ملزمان کو سڑکوں پر گھسیٹیں گے۔
گزشتہ حکومت میں شامل سیاسی جماعتیں پشتون اور بلوچ کو جواب دیں وائس چانسلر کی مدت ملازمت میں بار بار توسیع دینے کی کیا وجہ تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز بلوچستان یونیورسٹی اسکینڈل میں ملوث ملزمان کی عدم گرفتاری کیخلاف بی این پی کے زیر اہتمام سریاب کسٹم سے نکالی جانیوالی ریلی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو اوربلوچستان یونیورسٹی کے سامنے دیئے گئے علامتی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پرانہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مایوس نہیں ہونا چائیے بلوچستان یونیورسٹی صوبے کی پسماندگی کے خاتمے کیلئے امید کی کرن ہے ادار ے میں موجود فورسز کو بیدخل کرکے اسے امن وترقی کا گلستان بناکر بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے بلوچستان میں ایک منظم سازش کے تحت خانہ جنگی، فرقہ واریت،لسانیت کا ڈرامہ رچاکر ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کا قتل عام کرکے اس سازش میں بلوچستان کے لوگوں کو الجھائے رکھا گیااور آج تک کسی ایک واقع میں ملوث ملزم بھی گرفتار نہ ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل کی لوٹ مار کیلئے قبائل کو آپس میں دست وگریباں، سیاسی جماعتوں کو تقسیم کرنے اورجعلی قبائلی عمائدین کو سامنے لانے والے اب ہماری عزت اور وقار کیخلاف سازش کررہے ہیں ایسے میں یونیورسٹی اسکینڈل میں ملوث ملزمان ؎ کو کیفر کردار تک پہنچاکر ہم سمجھیں گے کہ ہم نے اپنی ماؤں بہنوں اور سماج کا حق ادا کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اسکینڈل میں ملوث ملزمان ہمارے سماج کے مجرم ہیں اگر ان مجرموں کیخلاف ریاست کارروائی نہیں کرے گا تو پھر ہم اپنی قومی اور عظیم روایات کے مطابق ان کو سڑکو ں پر گھسیٹیں گے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملوث ملزمان کے اہلخانہ بھی ان سے لاتعلقی کا اظہار کریں کیونکہ ان ملزمان نے انکا تقدس کو بھی پامال کیا ہے ہمیں ایک ہوکر معاشرے کے ان ناسوروں کیخلاف آواز بلند کرتے ہوئے اپنے ننگ وناموس کا دفاع کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی کے اراکین صوبے کی عزت، ناموس اور قومی وقار کیخلاف سازش کرنے والوں کو جلد از جلد بے نقاب کریں