کوئٹہ: سی پی ڈی آئی کے ممبران سلام خان، بہرام لہڑی، عبدالحئی ایڈووکیٹ اورسابق کونسلر محمد اسلم رند نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت صوبے میں فوری بلیدیاتی انتخابات کراکے انتظامی اور مالیاتی اختیارات مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندوں کو منتقل کرے۔
بلدیاتی ادارے کی مضبوطی کیلئے صوبے میں نیا لوکل گورنمنٹ ایکٹ لایاجائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی مضبوط جمہوری نظام میں بلدیاتی اداروں کی بے پناہ اہمیت ہوتی ہے وسائل اور اختیارات کی عدم مرکزیت اورنچلی سطح پر منتقلی مقامی سطح کی طرز حکمرانی وفروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت بلدیاتی انتخابات کراکے انتظامی اور مالیاتی اختیارات کو مقامی حکومتوں کے منتخب نمائندوں کو منتقل کرے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ2010ء کے سیکشن16(2) کے تحت صوبائی حکومت بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے120دن کے اندر نئے انتخابات کرانے کی پابند ہے 27جنوری2019ء کو بلوچستان کے بلدیاتی ادارے اپنی مدت پوری ہونے کے بعد تحلیل ہوگئے ہیں۔
اور قانون کے مطابق صوبے میں مئی کے آخر تک نئے انتخابات کا انعقاد ہوناتھا لیکن صوبائی اسمبلی کے منتخب نمائندگان نے نئے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کی تیاری یا موجودہ آرڈیننس میں ترمیم کی غرض سے متفقہ قرارداد اسمبلی کے ایوان سے پاس کراکے بلدیاتی اداروں کے انتخابات کو غیر معینہ مدت کیلئے موخر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں نیا لوکل گورنمنٹ ایکٹ لایاجائے جس سے بلدیاتی ادارے مضبوط ہوں او مقامی سطح کی طرز حکمرانی وفروغ ملے یا موجودہ2010 کے ایکٹ میں حسب روایت ترامیم کے جلداز جلد بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں تاکہ شہری مقامی سطح پر حکمرانی میں شریک ہوسکیں۔اس موقع پر سابق کونسلر اسلم رند نے کہا کہ منتخب نمائندے آٹھارویں ترمیم کے تحت وفاق سے اختیارات کی عدم منتقلی کا تو شکوہ کرتے ہیں مگر اپنے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کو تیار نہیں ہیں۔