کوئٹہ: محکمہ واساکوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کا30کروڑ روپے کا ناہندہ نکلا کیسکو نے درجنوں ٹیوب ویلوں کی بجلی منقطع کردی شہر میں پینے کے صاف پانی کا بحران شدت اختیارکرگیا۔
جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹینکر مافیا نے بھی پانی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ محکمہ واسا کے ذرائع نے بتایا کہ محکمہ واسا اسوقت کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کا 30کروڑ روپے سے زائد کا نادہندہ ہے جس پر کیسکو نے کوئٹہ شہر کے درجنوں ٹیوب ویلوں کی بجلی منقطع کردی ہے جس کے باعث شہر کے ا کثرعلاقوں کو پانی کی سپلائی منقطع ہوگئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ محکمہ واسا کے پاس اسوقت مشینری کی مرمت اور ملازمین کو تنخواہ دینے کے پیسے بھی نہیں ہیں اور ملازمین کو گزشتہ دو ماہ کی تنخواہ بھی ادا نہیں کی جاسکی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ محکمہ واسا نے فنڈز کے لئے محکمہ خزانہ بلوچستان کو سمری ارسال کی تھی جس پر تاحال کوئی عملدرآمد نہیں ہوسکا ہے۔ کیسکو کی طرف سے واسا کے ٹیوب ویلو ں کی بجلی منقطع کئے جانے کے بعد شہر میں پینے کے صاف پانی کا بحران مزید شدت اختیارکرگیا ہے۔
جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹینکر مافیا عوام سے من مانی قیمتیں وصول کررہا ہے۔ عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اورچیف سیکرٹری بلوچستان سے اپیل کی ہے کہ وہ کوئٹہ شہر کو پانی کی عدم فراہمی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے محکمہ واسا کے ذمے کیسکو کے بقایاجات کی ادائیگی کیلئے اقدامات اٹھائیں۔