|

وقتِ اشاعت :   October 31 – 2019

کوئٹہ: آل پا کستان انجمن تا جران کی کال پرکوئٹہ میں دوسرے روزبھی شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی ہڑتال کے باعث شہر کے وسطی علاقے میں چھوٹے بڑے تجارتی مراکزاوردکانیں بند رہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے تاجروں پر ٹیکسوں کی بھرمار کیخلاف آل پا کستان انجمن تا جران کی ملک گیر ہڑتال کی کال پر بدھ کے روزمرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے تحت دوسرے روز بھی کوئٹہ میں شٹرڈاؤن ہڑتال رہی، ہڑتال کے موقع پرکوئٹہ شہرکے وسطی علاقوں میں واقع متعدد چھوٹے بڑے تجارتی مراکزاوردکانیں بند رہیں کوئٹہ شہر میں متعدد تجارتی مراکزاوردکانوں کی بندش کے باعث عوام کو اشیا ئے خورد و نوش اور دیگر کے حصول میں مشکلا ت درپیش رہیں۔

جبکہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک بھی معمول سے کم دیکھنے کو ملی،ہڑتال کے موقع پر سیکورٹی کے بھی غیر معمول انتظامات کئے گئے تھے۔ مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑجنرل سیکرٹری سید عبدالقیوم آغا، سنیئر نائب صدر حضرت علی اچکزئی،ڈپٹی جنرل سیکرٹری میر یٰسین مینگل،حاجی جواد یوسفزئی،سید تاج آغا سمیت دیگر نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ سلیکٹیڈ اور نااہل حکومت کی جانب سے ٹیکسز نافذ کرنے کے خلاف تاجر تنظیموں کے زیر اہتمام کامیاب ہڑتال نے ثابت کردیا کہ۔

تاجر کسی صورت ظالمانہ ٹیکسز ادا کرنے کیلئے تیار نہیں حکومت اور ایف بی آر تاجر دشمن پالیسیوں پر نظر ثانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت پورے ملک میں تاجر برادری نے مجبور ہوکر دو روز اپنا کاروبار بند کیا ملک کے موجودہ حالات اور معیشت کی خاطر ہم ایسا نہیں چاہتے لیکن مجبور ہوکر ہڑتال کا راستہ اختیا ر کریں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے۔

ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کیا گیا ہے ہم نے اپوزیشن جماعتوں کی زیر اہتمام آزادی مارچ کی حمایت ضرور کی ہے لیکن شرکت کا فیصلہ نہیں کیا حکومت نے اگر مجبور کیا تو ہم اسلام آباد کا رخ کر کے اپوزیشن کے دھرنے میں نہ صرف شامل ہونگے بلکہ ہر اول دستے کا کردار اد اکرینگے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ 2019میں تاجروں پر جو ٹیکسز عائد کیے گئے وہ تاجر دشمن ہیں انہوں نے کہاکوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں کامیاب ہڑتال کرنے پر تمام سیا سی جماعتوں تاجر تنظیموں اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا،دریں اثناء مرکزی انجمن تاجران کے تحت کوئٹہ کے باچاخان چوک پر مظاہرہ بھی کیاگیا