|

وقتِ اشاعت :   November 3 – 2019

تربت :  نیشنل پارٹی کیچ کے ترجمان نے سمندری طوفان”کیار“ سے ساحلی بستیوں کے متاثر ہونے پر افسوس کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ اگر حکومت پیشگی اقدامات اٹھاتی تو نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکتا تھا لیکن سلیکٹڈ حکومت اور سلیکٹڈ عوامی نمائندوں نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا جس سے ساحلی علاقے بری طرح طوفان کی زد میں آکر متاثر ہوئے،ترجمان نے مزید کہا کہ خواب خرگوش کے مزے لوٹنے والے حکمران اور صوبائی اسمبلی میں موجود نمائندے طوفان سے متاثر لوگوں کی زندگیوں کو بحال کرنے کے لئے اقدامات اٹھائیں بصورت دیگر ان کو حکومتی بنچوں اور ایوانوں میں بیٹھے رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نااہل، سلیکٹڈ حکمرانوں کی وجہ عوام کے مسائل اور مشکلات میں روزانہ اضافہ ہو رہا ہے امن و امان کی صورتحال بد سے بدتر ہورہی ہے، اسپتال اور تعلیمی ادارے حکومت عدم توجہی کا شکار ہیں اگر حالات بدستور اسی طرح رہے تو یقینا اس کے نتائج انتہائی بھیانک ہوں گے۔

آخر میں ضلعی ترجمان نے کہا کہ نیشنل پارٹی ان مشکل حالات میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور متاثر عوام کی حالت زندگی کو دوبارہ بحال کرنے کے لئے عوام کے ساتھ ملکر سخت سے سخت احتجاج کرنے سے گریز نہیں کرے گی۔