ورلڈ کپ 2014 کے گروپ ڈی کے اہم میچ میں اٹلی نے انگلینڈ کو 2 – 1 سے ہرا دیا ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم کو اس میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن ماہرین نے انگلینڈ کے نوجوان کھلاڑیوں کے کھیل اور حوصلے تعریف کی۔ رحیم سٹرلنگ اور ڈینئل سٹریج نے انتہائی عمدہ کھیل پیش کیا۔
انگلینڈ کے سابق کھلاڑی گیری لنیکر نے کہا:’شاید یہ انگلینڈ کی پہلی شکست ہے جس پر مجھے زیادہ دکھ نہیں ہوا۔ نوجوانوں کھلاڑیوں نےجس شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اس نے خوش کیا ہے۔‘
فرانس کے مشہور کھلاڑی تھیئری اونری نے کہا:’’اٹلی جیت ضرور گیا ہے۔ لیکن میچ پر اٹلی کا غلبہ نہیں تھا‘
تجربہ کار کھلاڑی وائن رونی اس میچ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اورگول کرنے کا ایک انتہائی سنہری موقع ضائع کیا۔
میچ کا فیصلہ کن گول دوسرے ہاف میں ماریو بالاٹیلی نے کیا۔
سنیچر کو گروپ ڈی کے پہلے میچ میں کوسٹاریکا نے یوراگوئے کو 3 – 1 سے ہرا کر اپ سیٹ کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ یوراگوئے اور کوسٹاریکا کے مابین کھیلے گئے پچھلے آٹھ میچوں میں کوسٹاریکا ایک بھی میچ نہیں جیت پایا تھا۔
یوراگوئے کے سٹار فارورڈ لوئیز سواریز نے میچ میں حصہ نہیں لیا اور گول کرنے کی ذمہ داری تجربہ کار کھلاڑی ڈیاگو فارلون اور ایڈیسن کوانی پر تھی۔
وراگوئے کے مداح لوئیز سواریز کا میدان میں اترنے کا اندظار کرتے رہے لیکن انہیں اس وقت حیرانی کا سامنا کرنا پڑا جب ٹیم میں آخری تبدیلی کی گئی اور کرسچیئن روڈریگز کی جگہ ابیل ہرنینڈز میدان میں آگئے۔
امید کی جا رہی ہے لوئیز سواریز انگلینڈ کے خلاف میچ میں حصہ لیں گے۔ لوئز سواریز انگلش پریمئیر کے انتہائی کامیاب سیزن کھیلنے کے بعد قومی ٹیم کے ٹریننگ کے دوران زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد ان کی گھٹنے کی ’بٹن ہول سرجری‘ کی گئی۔
اس سے قبل سنیچر کے روز ہونے والے پہلے مقابلے میں کولمبیا نے یونان کو 3۔0 سے ہرا دیا تھا۔