|

وقتِ اشاعت :   November 7 – 2019

تربت :  نیشنل پارٹی کیچ کے ترجمان نے کہا کہ نااہل اور سلیکٹڈ حکمرانوں اور سلیکٹڈ جماعتوں کو عوام نے مکمل طور پر ریجیکٹڈ کردیا ہے جس کی واضح مثال آزادی مارچ میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی دشمن، قبائلی اور انانیت پرستی کی سوچ رکھنے والے، اخلاقیات سے عاری حکمران عوام کے بنیادی مسائل سے آگاہی اور ان کے حل کی صلاحیت نہیں رکھتے اور ان حکمرانوں نے ذاتی اور گروہی مفادات کے لیے معاشرے کے قدیم اور تاریخی اقدار و روایات کو بری طرح متاثر کیا۔

انہوں نے کہا کہ کثیر القومی اور کثیر المذاہبی ریاستوں میں سب سے بہتر اور موثر نظام مکمل جمہوریت اور حقیقی وفاقی آئین ہے، ماضی میں حکمرانوں کے آمرانہ اقدامات، غیر جمہوری حکومتوں اور وفاقی اصولوں پر مشتمل ریاست کی راہ میں رکاوٹوں نے ملک کو نقصان پہنچایا جس کے نتیجے میں ہر طرف انتشار پھیلا ہوا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل پارٹی جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور نیشنل پارٹی یہ سمجھتی ہے کہ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی، نظام عدل اور میڈیا کی آزادی کے بغیر فلاحی ریاست کا قیام ناممکن ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی سیاسی کارکنوں، محنت کشوں، سنجیدہ سیاسی دانشوروں اور قوم دوست قوتوں پر مشتمل جماعت ہے جو وسائل کی وفاقی اصولوں کے مطابق مرکز اور صوبوں اور صوبوں کے مابین تقسیم پر یقین رکھتی ہے اور نیشنل پارٹی میر غوث بخش بزنجو کے فکر و فلسفہ کی آبیاری کرتے ہوئے اپنے وطن اور عوام کی خدمت کررہی ہے۔