کوئٹہ: نیو اتحاد یونین نانبایان کے چیئرمین نعیم خان خلجی نے ضلعی انتظامیہ کے رویے کے خلاف 9نومبر سے غیر معینہ مدت کیلئے تندور بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت عالیہ سے بھی رجو ع کرینگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر حاجی رضا محمد خلجی و دیگر نے بھی خطاب کیا سمینار سے خطاب کرتے ہوئے نعیم خان خلجی نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور انتظامیہ نے تقریباً دو ماہ قبل نیو اتحاد یونین نانبایان کو مقررہ ریٹ 320گرام 20روپے دیئے تھے اسکے باوجود انتظامیہ نے بلاوجہ تندور والوں کو گرفتار کرکے تھانوں میں بند کیا اور تندوروالوں کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجسٹریٹ اپنے اختیارات سے ہٹ کر ذاتی اختیارات استعمال کر کے قانون کو پس پشت ڈال دیتے ہیں،دو مجسٹریٹ بات سننے کو تیار نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسوقت100کلو گرام آٹے کی بوری کی قیمت 4200سے بڑھ کر 5600تک جاپہنچی ہے لیکن ہمیں نیا ریٹ نہیں دیا جارہا ہے الٹا مجسٹریٹ تندور والوں کوتنگ،گرفتاراور ان سے 15سے 20ہزار روپے جرمانہ واصول کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ نے فوری طور پر نیو اتحاد یونین نانبایان کے جائز مطالبات حل نہیں کئے تو 9نومبر سے تندور بند کرکے احتجاج کرنے پر مجبورہونگے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں نیو اتحاد یونین نانبایان عدالت عالیہ سے بھی رجو ع کریگی۔