|

وقتِ اشاعت :   June 16 – 2014

رلڈ کپ 2014 کے گروپ ایف کے ایک میچ میں ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیم ارجنٹینا نے ایک مشکل مقابلے کے بعد بوسنیا ہرزوگوینا کو دو ایک سے ہرا دیا۔ میچ کے شروع ہونے سے پہلے ماہرین ارجنٹینا کی شاندار فتح کی پیش گوئی کر رہے تھے لیکن بوسنیا ہرزوگوینا کی ٹیم نے ماہرین کو اپنی مہارت اور جذبے سے متاثر کیا۔ میچ کے شروع ہوتے ہی ارجنٹینا کے سٹرائیکر نے بوسنیا ہرزوگوینا کے گول پر حملہ کیا اور گول کیپر باگوچ گیند کو صفائی سے نہ روک سکے اور اس طرح ارجنٹینا کو ’اون‘ گول کی وجہ سے برتری حاصل ہو گئی۔ پہلے ہاف میں بوسنیا نے اچھے دفاعی کھیل کا مظاہرہ کیا اور میسی اور اگویرو جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کو ناکارہ بنا دیا۔ پہلے ہاف میں میسی اور اگویرو تھکے تھکے نظر آئے۔ دوسری جانب بوسنیا ہرزوگوینا کی فاروڈ جوڑی، ایڈن جیکو اور لولچ نے ارجنٹینا کے گول پر بار بار حملے کیے۔ ارجنٹینا کےگول کیپر کو دو بار زبردست کوشش کر کے گول بچانے پڑے ہیں۔ پہلے ہاف میں ارجنٹینا کے دفاعی کھلاڑیوں کے لیے ایڈن جیکو اور لولچ کو روکنا مشکل ہو رہا تھا۔ میچ سے پہلے ماہرین بوسنیا ہرزوگوینا کی ٹیم کو زیادہ اہمیت نہیں دے رہے تھے لیکن پہلے ہاف کے اختتام پر یہ رائے تبدیل ہونا شروع ہوگئی۔ انگلینڈ کے مشہور کھلاڑی ایلن شیئیرر کا کہنا تھا: ’بوسنیا ہرزوگوینا کا یہاں تک آنا ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور اس سے آگے اگر وہ کچھ کر جائیں تو وہ بونس ہوگا۔‘ دوسرے ہاف کے شروع ہوتے ہی ارجنٹینا نے ٹیم میں پہلی تبدیلی کی اور اٹلی کے کلب اے سی میلان کے لیے کھیلنے والے گانزالو ہگوائین کو میدان میں اتارا۔ دوسرے ہاف میں ارجنٹینا نے کھیل پر غلبہ حاصل کر لیا اور ارجنٹینا کے سٹرائیکر مسلسل بوسنیا ہرزوگوینا کے گول کے گرد منڈلانے لگے۔ جب ارجنٹینا نے کھیل پر کنٹرول حاصل کر لیا تو پھر دوسرے گول ہر لمحے آتا دیکھائی دے رہا تھا۔ لیونل میسی نے جب گول کیا تو خاموش میدان میں اچانک جان آگئی اور ماحول گرما گیا۔ میچ کے اختتامی منٹ میں بوسنیا نے ایک گول کر کے ورلڈ کپ میں اپنا پہلا گول کر لیا۔ ارجنٹینا کے حمایتیوں کو یقیناً اس سے بہتر کھیل کی توقع تھی۔ لیکن اس کے لیے انھیں اگلے میچ تک انتظار کرنا ہوگا۔ اس میچ میں یہ واضح ہو گیا کہ ارجنٹینا کے دفاعی کھلاڑی اس معیار کے نہیں ہیں جس معیار کے اس کے پاس سٹرائیکر ہیں۔ ماہرین کی نظر میں اگر لیونل میسی نے تاریخ میں اپنا نام میراڈونا اور پیلے جیسے کھلاڑیوں کی صف میں لکھوانا ہے تو اسے یہ ورلڈ کپ جیتنا ہوگا۔