|

وقتِ اشاعت :   June 16 – 2014

سلواڈور / نٹال / کوریٹیبا: ورلڈ کپ میں ٹائٹل فیورٹ جرمنی اپنی مہم کا آغاز آج  پرتگال کیخلاف میچ سے کرے گی۔ کرسٹیانو رونالڈوجرمن پلیئرز کے اعصاب پر سوار ہیں، تاہم وہ اس تاثر کو رد کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ہمارا مقابلہ رونالڈو سے نہیں بلکہ پرتگالی ٹیم سے ہے، ہم حریف اسٹرائیکر سے خوفزدہ نہیں ہیں، جرمن گول کیپر مینوئل نوئر فٹ ہوگئے، رونالڈو بھی میدان میں اتریں گے، میرسلووکلوزسابق برازیلین اسٹرائیکر رونالڈو کے15 گول کا آل ٹائم ریکارڈ برابر کرنے کے قریب ہیں، گھانا کی پہلی آزمائش امریکا سے ہوگی، ایرانی ٹیم کا  پہلا مقابلہ نائیجیریا سے طے ہے۔ تفصیلات کے مطابق برازیل میں جاری20 ویں عالمی کپ میں پیرکو2 فیورٹ ٹیمیں جرمنی اور پرتگال گروپ ’ جی ‘ کے ابتدائی مقابلے میں صف آرا ہوں گی، دونوں ممالک میں اب تک 17 باہمی مقابلے ہوچکے ہیں، 9 میں جرمنی جبکہ 3 میں پرتگالی ٹیم فتحیاب ہوکر میدان سے باہر نکلی ، پانچ میچز ہارجیت کے بغیر ختم ہوئے، مجموعی طور پر41 گولز میں سے25 جرمنی کے نام رہے جبکہ 16 پرتگال نے داغے،جرمن گول کیپر مینوئل نوئر کھیلنے کیلیے فٹ ہوگئے ہیں لیکن نائب کپتان باستیان شیوانسٹیگر تاحال دائیں کندھے کی انجری سے نجات پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جرمن کوچ جوکیم لیو کے پاس واحد اسٹرائیکر میرسلوو کلوز کی صورت موجود ہیں، جو سابق برازیلین اسٹار کے آل ٹائم 15گول کا ریکارڈ برابر کرنے کے قریب ہیں، وہ اب تک 14گول داغ چکے ہیں۔ آرسنل کے اٹیکنگ مڈفیلڈر میسوٹ اوزل کو آگے رکھ کرمڈفیلڈ میں بائرن میونخ کے ٹونی کروس کو موقع دیا جاسکتا ہے، جرمنی چار سینٹربیکس میٹس ہیمولز، پیرمیرٹیسکر، جیروم بوئٹنگ اور ہووئیڈز کو استعمال کرتا رہا ہے، پرتگال کیلیے کرسٹیانو رونالڈو کا مکمل فٹ ہونا اہم ترین ہوگا، اگرچہ انھوں نے آئرلینڈ کیخلاف دوستانہ میچ میں اختتامی 25 منٹ کھیل میں حصہ لیا تھا، لیکن وہ ہفتے کو ٹیم کی ٹریننگ کے دوران بھی ٹانگوں پر بھاری پٹیاں باندھے ہوئے دکھائی دیے تھے، لیکن میچ میں ان کی شرکت کا امکان روشن تر ہے۔ جرمن دفاعی پلیئر بینڈیکٹ ہووئیڈزکا کہنا ہے کہ یہ مقابلہ جرمنی اور رونالڈو میں نہیں بلکہ پرتگال اور جرمنی کے درمیان ہونے جارہا ہے، ہم کسی سے خوفزدہ نہیں ہیں، اسی گروپ کے دوسرے مقابلے میں امریکا کی ٹیم گھانا کیخلاف میدان سنبھالے گی، اولین باہمی مقابلے میں گھانا نے 2-1 سے کامیابی پائی ہے۔گھانا کے سربین کوچ میلوون ریجووک کا کہنا ہے کہ ہم ابتدائی مرحلے میں امریکا کو مات دینے کیلیے پراعتماد ہیں لیکن 2010 کی طرح اس مرتبہ ہمارا سیمی فائنل میں پہنچنا آسان نہیں ہوگا، واضح رہے کہ چار برس قبل جنوبی افریقہ میں گھانا نے امریکا کو 2-1 سے مات دیکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی، جہاں انھیں یوروگوئے سے شکست ہوگئی تھی، اس کے علاوہ گروپ ’ ایف ‘ میں موجود ایران اپنا پہلا مقابلہ نائیجیریا کیخلاف کھیلے گا، اولین باہمی مقابلے میں نائیجیریا  1-0 سے کامیاب رہا ہے۔