|

وقتِ اشاعت :   November 9 – 2019

کوئٹہ: ضلعی ناظم صحت کوئٹہ ڈاکٹرسعید میروانی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں 11تا16نومبرتک تشنج سے بچاؤ کیلئے خصوصی مہم چلائی جائیگی مہم کے دوران15سے 49سال تک پانچ لاکھ اکیس ہزارایک سو پچھترخواتین کو حفاظتی ٹیکہ جات لگائے جائیں گے۔ حفاطتی ٹیکہ جات لگانے سے ماں اوربچے کی جانوں کاتحفظ ممکن ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعہ کے روزکوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب ناظم صحت کوئٹہ ڈاکٹرزبیرکاکڑ،فوکل پرسن کوئٹہ غلام سرورڈسٹرکٹ کوارڈنیٹرہیلتھ یونسیف ارشادلہڑی،عابد کاسی،شاہ زمان پرکانی ایم ایز آفیسر بلال مینگل،نعمان بشیر ودیگر بھی موجود تھے۔

ڈاکٹرسعید میروانی نے کہا کہ حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم کو کامیاب بنانے کیلئے کوئٹہ شہر کو50یونین کونسلوں میں تقسیم کیاگیا ہے، پہلی مہم11تا16نومبر2019،دوسری مہم 9دسمبرتا14دسمبر2019جبکہ تیسری مہم 9جون تا14جون2020تک چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مہم میں 6سو36ٹیمیں حصہ لیں گی جو کہ پچاس میڈیکل آفیسران کی زیرنگرانی کوئٹہ کے تما م گرلزہائی سکول،کالج،یونیورسٹی،دستکاری کے ادارے ودیگر مقامات پرجاکرپانچ لاکھ اکیس ہزارایک سو پچھترخواتین کو حفاظتی ٹیکے لگائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی،علماء کرام،سیاسی وسماجی کارکنان اورمیڈیا کے تعاون سے مہم کی کامیابی کیلئے کوشاں ہیں،انہوں نے کہا کہ دوران مہم عوام محکمہ صحت کی ٹیموں کیساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے 15سے 49سال کی عمر کی لڑکیوں اورخواتین کو حفاظتی ٹیکے لگائیں تاکہ اس جان لیوامرض کاتدارک ممکن ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حفاظتی ٹیکہ جات روزانہ کی بنیا د پر مراکز صحت میں بھی لگائی جاتی ہیں تاہم شعور وآگاہی کی کمی کے باعث بلوچستان بھر میں تمام خواتین تک رسائی کا واحد ذریعہ خصوصی مہمات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔