|

وقتِ اشاعت :   November 13 – 2019

تربت :  آل پارٹیزاینڈ ایکٹیوسٹ الائنس کیچ کااجلاس، محکمہ تعلیم میں نان ٹیچنگ آسامیوں پر بھرتیاں منسوخ، بے قاعدگیوں کی تحقیقات، ملوث افسران کے خلاف کاروائی کی جائے بصورت دیگر احتجاج اورعدالت میں پٹیشن دائرکی جائے گی، آل پارٹیزاینڈ ایکٹیوسٹ الائنس کیچ کا اجلاس منگل کے روزبی این پی مینگل کے دفترمیں منعقدہوا۔

اجلاس کی صدارت کنوینر خان محمدجان نے کی، اجلاس میں پی این پی عوامی کے رہنما صادق تاجر، مسلم لیگ (ن) کے رہنمانواب شمبے زئی، نیشنل پارٹی کے رہنما مشکورانور، طارق بابل، بی این پی مینگل کے رہنما سیدجان گچکی، بی این پی عوامی کے رہنماخلیل تگرانی، ظریف زدگ، شے مرید بلوچ، جماعت اسلامی کے رہنما غلام یاسین بلوچ، جے یو آئی کے رہنما حافظ عبدالقدیر، انجمن تاجران کے صدراسحاق روشن دشتی، کیچ سول سوسائٹی کے نمائندے التازسخی ودیگرنے شرکت کی۔

اجلاس کے بعدمیڈیا بریفنگ میں بتایاگیاکہ حال ہی میں محکمہ تعلیم کیچ میں نان ٹیچنگ آسامیوں پر155تعیناتیاں کی گئی ہیں جو میرٹ کے برخلاف، افسران کے عزیز ورشتہ دار ہیں جبکہ چند آسامیوں پر بھاری رقم بطوررشوت لینے کی بھی اطلاعات سامنے آئے ہیں، جن میں زیادہ ترٹیسٹ وانٹرویومیں بھی شامل نہیں رہے ہیں جبکہ چند ایک امیدواروں کے متعلق بتایاجاتاہے کہ وہ بیرون ملک ہیں جو ٹیسٹ وانٹرویو کے وقت بھی بیرون ملک تھے۔

ایک تعلیمی افسر کے گھرانہ سے 13افراد کابھرتی ہونا میرٹ کاجنازہ نکالنے کاواضح اشارہ ہے،انہوں نے کہاکہ اس سے قبل ضلع کیچ اس حوالے سے خوش قسمت علاقہ تھاکہ یہاں پرملازمتیں فروخت نہیں ہوتی تھیں اب محکمہ تعلیم کے افسران نے ملازمتیں فروخت کرکے کیچ کوداغدارکردیا ہے پہلی باریہاں پر پوسٹ فروخت ہوئے جس پریہاں لوگوں میں کافی تشویش پائی جاتی ہے۔

،میرٹ کاقتل عام یہاں کی سیاسی پارٹیوں اور سول سوسائٹی کوکسی صورت قبول نہیں اورہم ان بھرتیوں کویکسرمستردکرتے ہیں انہوں نے کہاکہ ان بھرتیوں کے خلاف آل پارٹیز اینڈ ایکٹیوسٹ الائنس سیسہ پلائی دیواربنے گی اوران کے منسوخ ہونے تک موثراحتجاج کرے گی، انہوں نے مطالبہ کیاکہ حالیہ بھرتیوں کو فوری منسوخ کیاجائے اور اس میں ملوث کمیٹی کے چیئرمین وارکان کومعطل کرکے ان کے خلاف انکوائری اور قانونی کاروائی کی جائے بصورت دیگر آل پارٹیز اینڈ ایکٹیوسٹ الائنس کل پریس کانفرنس اورپرسوں سے احتجاجی کیمپ لگائے گی۔