|

وقتِ اشاعت :   June 19 – 2014

ساؤپولو (آزادی نیوز)برازیل میں فٹبال کے ورلڈ کپ کی دفاعی چیمپیئن سپین کی ٹیم چلی کے ہاتھوں شکست کے بعد پہلے ہی راؤنڈ میں عالمی مقابلے سے باہر ہوگئی ہے۔ چلی نے ریو ڈی جنیرو کے ماراکانا سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سپین کو صفر کے مقابلے دو گول سے شکست دی۔ عالمی مقابلوں کی تاریخ میں یہ پانچواں موقع ہے کہ دفاعی چیمپیئن کا سفر پہلے ہی راؤنڈ میں تمام ہوگیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں سپین کو اپنے پہلے میچ میں ہالینڈ کے ہاتھوں پانچ ایک سے شکست ہوئی تھی اور وہ اس کے اثر سے نکل ہی نہ پائی۔ بدھ کو سپین کے خلاف میچ میں پہلا ہاف شروع ہوتے ہی چلی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلے ہی منٹ میں ہسپانوی گول پر حملہ کیا لیکن گول نہ ہو سکا۔ سپین کو گول کرنے کا پہلا موقع 14 ویں منٹ میں ملا لیکن زابی الونزو کی شاٹ سب کے سر کے اوپر سے ہوتی ہوئی باہر چلی گئی۔ ہسپانوی ٹیم کھیل کے ابتدائی مراحل سے ہی کمزور نظر آئی اور کھلاڑیوں کے کھیلنے کے انداز سے تھکن نمایاں تھی۔ چلی کی ٹیم جسے سٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین کی حمایت بھی حاصل تھی اس جوش اور ولولے سے کھیلی جو ہسپانوی ٹیم میں کہیں دکھائی نہ دیتا تھا۔ 19ویں منٹ میں جب ایڈوارڈو وارگوس نے چارلس اورنگوئز کے پاس پرگول کر کے چلّی کو برتری دلوائی تو اس کے بعد چلی کی ٹیم نے پیچھے مڑ کر نہ دیکھا۔ چلی کے کھلاڑیوں نے ہسپانوی گول پر لگاتار حملے کیے جن کا پھل انھیں پہلا ہاف ختم ہونے سے چند منٹ قبل اس وقت ملا جب چلی کے ارانگوئز نیگول کر کے اپنی ٹیم کی برتری دوگنی کر دی۔ یہ گول ایک مرتبہ پھر ہسپانوی کیپر اور کپتان آئیکر کیسیئس کی غلطی کا نتیجہ تھا جنھوں نے اس ٹورنامنٹ میں دو میچوں میں سات گول کروائے۔ دوسرے ہاف میں ابتدا میں تو سپین کی ٹیم بہتر کھیلی اور پہلے 15 منٹ میں دو خطر ناک حملے کیے لیکن ڈیاگو کوسٹا اور سرجیو گول کرنے میں ناکام رہے۔ جیسے جیسے دوسرا ہاف اختتام کی جانب بڑھا ہسپانوی کھلاڑیوں کے ہمت ہار جانے کے ثبوت سامنے آتے گئے اور چھ منٹ کے اضافی وقت کے اختتام کے ساتھ ہی سپین کا ورلڈ کپ بھی ختم ہوگیا۔ خیال رہے کہ یہ کسی بھی ورلڈ کپ حتی کہ کسی انٹرنیشنل میچ میں بھی چلی کی سپین کے خلاف پہلی فتح ہے۔ اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں ہالینڈ نے آسٹریلیا کو 2کے مقابلے میں 3گول سے شکست دیدی دفاعی چیمپیئن سپین کو بری طرح ہرانے والی ہالینڈ کی ٹیم آسٹریلیا سے جیت تو گئی لیکن شائقین ڈچ ٹیم کی وہ کارکردگی دیکھنے سے محروم رہے جس کی انھیں توقع تھی۔ ہالینڈ اور ٹورنامنٹ کے سب سے کم رینکنگ والی ٹیم آسٹریلیا کا میچ بدھ کو پورٹ الیگرے کے بیرریو سٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں ہالینڈ کی ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کے لیے ان کے بادشاہ ولیم الیگزینڈر اور ملکہ میکسم بھی سٹیڈیم میں موجود تھے۔ ہالینڈ نے یہ میچ دو کے مقابلے میں تین گول سے جیتا لیا اور یوں اس ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کا سفر تمام ہوگیا۔اس میچ کے ابتدائی لمحات میں کھیل قدرے آہستہ رہا اور دونوں ٹیمیں خاص کر ہالینڈ اپنے تیز انداز میں نہیں کھیل پائی۔ہالینڈ کی ٹیم دفاعی لحاظ سے میچ کے پہلے ہاف میں خاصی کمزور نظر آئی جبکہ آسٹریلیا نے اپنی کارکردگی سے کہیں سے یہ نہیں لگنے دیا کہ وہ عالمی درجہ بندی میں ہالینڈ سے کہیں نیچے ہے۔میچ کا پہلا گول 19ویں منٹ میں ہالینڈ کے آرجن رابن نے کیا۔ اس ورلڈ کپ میں رابن کا تیسرا گول تھا۔ہالینڈ کے کھلاڑی ابھی پوری طرح اس گول کی خوشی منا بھی نہ پائے تھے کہ آسٹریلوی کھلاڑی ٹم کے ہل نے ایک مشکل پاس کو شاندار طریقے سے گول میں تبدیل کر کے میچ برابر کر دیا۔ان دونوں گولوں کے درمیان صرف 69 سیکنڈز کا وقفہ تھا اور پہلے ہاف کے اختتام پر میچ ایک ایک گول سے برابر تھا۔پہلے ہاف کے ختم ہونے سے ایک منٹ قبل آسٹریلیا کے لیے گول کرنے والے ٹم کے ہل کو ہالینڈ کے کھلاڑی برونو انڈی کو بری طرح گرانے پر پیلا کارڈ دکھا دیا گیا۔ لگاتار دو میچوں میں کارڈ ملنے کی وجہ سے اب کے ہل آسٹریلیا کے لیے اگلے میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔دوسرا ہاف شروع ہوتے ہی ہالینڈ کے سٹار کھلاڑی روبن وین پرسی کو بھی اس وقت پیلا کارڈ ملا جب انھوں نے آسٹریلوی کھلاڑی سپرانوؤک کے چہرے پر کہنی ماری اور یوں وین پرسی بھی چلی کیخلاف میچ سے باہر ہوگئے۔میچ کے 53ویں منٹ میں ڈی کے اندر ڈچ کھلاڑی کے ہاتھ سے گیند ٹکرانے پر ریفری نے آسٹریلیا کو پنلٹی دیدی جس پر کپتان جیڈیناک نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلوا دی۔ مبصرین کے خیال میں یہ پینلٹی متنازع تھی۔ خسارے میں جانے کے باوجود ہالینڈ کے کھلاڑیوں نے ہمت نہیں ہاری اور آسٹریلوی ٹیم پر دباؤ ڈالتے رہے جس کا نتیجہ چار منٹ بعد ہی ان کے حق میں یوں نکلا کہ رابن وین پرسی نے گول کر کے آسٹریلوی برتری کا خاتمہ کر دیا۔میچ برابر ہونے کے 9 منٹ بعد آسٹریلوی کیپر نے وہ غلطی کی جو اس ٹورنامنٹ سے ان کی ٹیم کے اخراج کا باعث بن گئی۔آسٹریلوی کیپر میٹ رائن متبادل ڈچ کھلاڑی میمفس ڈی پے کی تیس گز سے لگائی آسان شاٹ روکنے میں ناکام رہے اورگیند آسٹریلوی گول میں چلی گئی۔ڈچ ٹیم کی یہ برتری میچ کے اختتام تک قائم رہی۔خیال رہے کہ ہالینڈ نے اب تک کھیلے گئے اپنے میچوں میں 8 گول کیے ہیں جو کہ گزشتہ ورلڈ کپ کے چیمپیئن سپین کی طرف سے اْس ٹورنامنٹ میں کیے گئے کْل گولوں سے بھی زیادہ ہیں۔