کوئٹہ: صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور بلیدی نے کہا ہے کہ ایکسپو کے انعقاد سے بلوچستان میں امن وامان کے حوالے سے بے بنیاد تاثر زائل ہوگیاآئندہ صوبائی حکومت مائننگ، سمیت دیگر شعبوں پر بھی توجہ دیگی۔
ایکسپو میں صوبائی حکومت کی دعوت پر80سے زائد کمپنیاں شریک ہوئیں،آسٹریلیا، ایران، تھائی لینڈ اور چین سے بھی وفود شرکت کررہے ہیں،سردار اختر مینگل اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سمیت تمام سیاسی جماعتوں اور مختلف طلبہ تنظیموں کی جانب سے تعاون پر انکا شکرگزار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پرانہوں نے صوبائی حکومت کے زیر اہتمام صوبے کی تاریخ میں پہلی بار کامیاب لائیوسٹاک ایکسپوکے انعقاد پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے عوام کے ستر فیصد کا ذریعہ معاش زراعت اور لائیوسٹاک سے وابستہ ہے لیکن ماضی میں ان شعبوں کی جانب توجہ نہیں دی گئی تاہم وزیراعلیٰ بلوچستان کی کوششوں سے کامیاب ایکسپو کے انعقاد پر صوبائی مشیر لائیوسٹاک اور وزیراعلیٰ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس شعبے کی جانب توجہ نہ دیئے جانے کی وجہ سے آج بھی ہمارے ہاں لائیوسٹاک میں روایتی انداز میں کام ہورہا ہے موجودہ حکومت اس جانب توجہ دے کر شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرے گی انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز شروع ہونے والے ایکسپو میں صوبائی حکومت کی دعوت پر80سے زائد کمپنیاں شریک ہوئیں جبکہ آسٹریلیا، ایران، تھائی لینڈ اور چین سے بھی وفود شرکت کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایکسپو کے انعقاد میں اپوزیشن نے بھی تعاون کیا جس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ایکسپو کے انعقاد کے لئے ہم نے سردار اختر مینگل اور ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سمیت تمام سیاسی جماعتوں اور مختلف طلبہ تنظیموں سے بھی رابطہ کیا جن کے تعاون سے ایکسپو کامیاب ہوا آئندہ صوبائی حکومت مائننگ، سمیت دیگر شعبوں پر بھی توجہ دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایکسپو کے انعقاد سے بلوچستان میں امن وامان کے حوالے سے بے بنیاد تاثر بھی زائل ہوگیا جبکہ گزشتہ دنوں ایک سکینڈل کی وجہ سے بلوچستان یونیورسٹی کی ساکھ مجروع ہوئی تھی اس ایکسپو کے انعقاد سے اس کے ساکھ کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملی۔
صوبائی مشیر لائیوسٹاک مٹھاخان کاکڑ نے ایکسپو کے انعقاد کو بلوچستان کی ترقی اورخوشحالی کے لئے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ جام کمال کی خصوصی دلچسپی اور کوششوں سے ایکسپو کامیاب ہوا ایکسپو کے انعقاد سے لائیوسٹاک کا شعبہ ترقی کرے گا مالدار خوشحال اور صوبے کی معیشت مستحکم ہوگی مالداروں کوجدید مالداری سے آگاہی سمیت انہیں اپنے جانوروں کی بہترقیمت اور کھالوں کو محفوظ کرنے سے متعلق بھی آگاہی حاصل ہوگی۔
انہوں نے ایکسپو میں چین ایران سمیت دیگر ممالک کے وفود کی شرکت پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایکسپو کے انعقاد پر اپوزیشن کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ ایکسپو کی کامیابی میں محکمہ لائیوسٹاک کے افسران و عملے کا کردار انتہائی اہم رہا۔