|

وقتِ اشاعت :   June 20 – 2014

لاہور: گزشتہ روز لاہور میں قاتلانہ حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والی متحدہ قومی مومنٹ کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف دوران علاج دم توڑ گئیں ایم کیوایم نے تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔

بدھ کے روز طاہرہ آصف پر لاہور میں قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئی تھیں۔ رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف کو چار گولیاں لگی تھیں اور وہ شیخ زید اسپتال میں زیر علاج تھیں جہاں ڈاکٹرز نے ان کا 2 بار آپریشن کیا لیکن خون زیادہ بہہ جانے کی وجہ سے ان کی حالت بدستور تشویشناک بتائی جارہی تھی۔ ڈاکٹرز نے طاہرہ آصف کی زندگی کیلئے 36 گھنٹے انتہائی اہم قرار دیئے تھے اور انہیں انتہائی نگہداشت کے کمرے میں رکھا گیا تھا تاہم رات گئے وہ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔ طاہرہ آصف کی میت اسپتال سے ان کے گھر جوہر ٹاؤن منتقل کردی گئی ہے جہاں ان کی نماز جنازہ آج دوپہر 2 بجے ادا کی جائے گی۔

ایم کیوایم کی جانب سے طاہرہ آصف کے قتل کے خلاف تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ اس دوران ٹرانسپورٹ اور کاروبار مکمل طور پر کھلا رہے گا۔ایم کیوایم کے قائد الطاف  حسین نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے قاتلوں کی تین روز میں گرفتار ی کا مطالبہ کیا ہے جبکہ طاہرہ آصف کے انتقال پر وزیراعظم نوازشریف،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف،وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ،گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد اور ڈاکٹرطاہرالقادری سمیت دیگرسیاسی رہنماؤں کی جانب سے واقعہ کی مذمت اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔