کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاؤن میں فائرنگ کے نتیجے میں انوائرمینٹل ٹریبونل کے چیئرمین سخی سلطان ہلاک ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاؤن میں دو مسلح افراد سخی سلطان کے دفتر میں ملاقات کے بہانے سے داخل ہوئے اور ان پر فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق سخی سلطان کو سر اور سینے میں گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، ان کی میت کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق واقعے کے بعد وکلاء اور متوفی کے جاننے والوں کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی۔
سخی سلطان کا شمار کوئٹہ کی اہم سماجی شخصیات میں ہوتا تھا اور ماضی میں ان کا تعلق پیپلزپارٹی سے بھی رہا تھا۔