|

وقتِ اشاعت :   June 21 – 2014

ساؤپولو(آزادی نیوز)برازیل میں جاری 20ویں فٹبال ورلڈکپ میں جمعے کو کھیلے جانے والے میچ میں کوسٹاریکا نے اٹلی کو اپ سیٹ شکست دیدی جبکہ فرانس نے سوئٹزرلینڈ کو5-2ہر ا دیا ۔ میچ کے 17ویں منٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے اولیویئر جیروڈ نے ہیڈر کے ذریعے گیند گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دالا دی ۔اس کے 20 سیکنڈ بعد بلائیس میتوئیدی نے گول کر کے اپنے ٹیم کی برتری کو دوگنا کردیا ۔فرانس کا تیسرا گو ل کر نے کا موقع ملا فرانسیسی فارورڈ کریم بینزیما کو سوئس ڈی میں گرائے جانے پر ان کی ٹیم کو پنلٹی ملی لیکن بینزیما اس موقع پر فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔میچ کے 40ویں منٹ میں والبوئینا نے گول کر کے مقابلہ 3-0کر دیا سوئس ٹیم کے لیے اب میچ مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔پہلے ہاف کا اختتام تک فرانس کو3-0 برتری حاصل تھی ۔کھیل کے 67ویں منٹ میں کریم بینزیما اپنا دوسرا اور فرانس کی بر تری 4-0کر دی ۔میچ کے 73 ویں منٹ میں سیسوکو گول کر کے اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنا دیا ۔سوئٹزرلینڈ بلیرم زمائلی نے دو گو ل کئے ۔اس سے قبل گروپ ڈی کے اہم میچ میں کوسٹاریکا نے اٹلی کو ہرا کر اپ سیٹ کر دیا ہے۔کوسٹاریکا ’گروپ آف ڈیتھ‘ کے نام سے معروف سب سے مشکل گروپ کی ناتجربہ کار ٹیم ہے۔ لیکن اس نے سب اندازوں کو غلط ثابت کرتے ہوئے سب سے پہلے دوسرے مرحلے میں جگہ بنائی ہے۔ اس نے اپنے پہلے میچ میں یوروگوائے کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی تھی۔ اٹلی کی اس شکست کا مطلب انگلینڈ کا ورلڈکپ سے اخراج بھی ہے۔ جمعرات کی شب یوروگوائے کے ہاتھوں شکست کے بعد انگلینڈ کے اگلے مرحلے میں جانے کی امید اٹلی کے دونوں میچوں میں فتح سے جڑی تھی۔برازیل کے شہر رسیفی کے پرنامبوکو سٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں کوسٹاریکا نے آغاز سے ہی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور اطالوی گول پر شروع میں ہی کئی حملے کیے۔ کوسٹاریکا کے کھلاڑیوں کے کھیل سے لگ رہا تھا کہ وہ اٹلی کی تجربہ کار ٹیم سے بالکل مرعوب نہیں اور ان کے بیخوفی اور تیز رفتاری نے اطالوی کھلاڑیوں کو پریشان کر رکھا۔ وسطی امریکہ سے تعلق رکھنے والی اس ٹیم کو اپنے جوش اور بیخوفی کا پھل پہلے ہاف کے اختتام سے کچھ لمحے قبل اس وقت ملا جب 44 ویں منٹ میں برائن روئز نے گول کر کے کوسٹاریکا کو اٹلی پر برتری دلوا دی۔ اٹلی کے تجربہ کار کیپر بوفون روئز کا ہیڈر روکنے میں ناکام رہے اور اس گول کا فیصلہ گول لائن ٹیکنالوجی کی مدد سے کیا گیا۔ میچ کا پہلا ہاف کوسٹاریکا کی برتری پر ہی ختم ہوا۔ دوسرے ہاف میں کوسٹاریکا نے ابتدا میں تو تیز کھیل پیش کیا لیکن پھر اپنی توجہ برتری کے دفاع پر مرکوز کر لی اور اطالوی کھلاڑیوں خصوصاً سٹرائیکر بالاٹیلی کے سامنے ڈٹ گئے۔ اس ہاف میں اٹلی کو گول کرنے کے چند مواقع ملے لیکن وہ اس سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔ اٹلی کی ٹیم اس میچ میں مجموعی طور پر وہ کارکردگی نہ دکھا سکی جس کا مظاہرہ اس نے انگلینڈ کے خلاف کیا تھا۔ اس کا ثبوت اطالوی مڈفیلڈر پرلو کے پہلے ہاف میں 35 پاس تھے جبکہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ہاف میں ان کے پاسز کی تعداد اس سے دوگنی تھی۔ یہ کسی بھی ورلڈ کپ میں ان دونوں ٹیموں کا پہلا مقابلہ تھا۔ کوسٹاریکا کی ٹیم اس وقت فٹبال کی عالمی درجہ بندی میں 28 ویں جبکہ اٹلی نویں نمبر پر ہے۔ اس فتح کے بعد کوسٹاریکا دو میچوں میں چھ پوائنٹس کے ساتھ گروپ ڈی میں سرفہرست ہے جبکہ اٹلی اور یوروگوائے کے دو میچوں میں تین، تین پوائنٹ ہیں۔ انگلینڈ صفر پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں آخری نمبر پر رہا ہے اور اس کا ورلڈ کپ کا سفر ختم ہوگیا ہے۔