راولپنڈی: شہر میں آئندہ 2 روز کے لئے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ایئرپورٹ میں جھنڈے اور بینرز لے جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ آج رات سے جڑواں شہروں میں موبائل فون سروس بھی معطل کئے جانے کا امکان ہے۔
ڈی سی او راولپنڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شہر میں اتوار کی رات 12 بجے سے آئندہ 48 گھنٹے پابندی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے منگل کی رات 12 بجے تک ہوگا، اس دوران اسلحے کی نمائش، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ ایئرپورٹ میں کسی بھی شخص کو کوئی بینر اور پارٹی پرچم لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
دوسری جانب انتظامیہ آج رات سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں موبائل فون سروس بھی معطل کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے تاکہ پاکستان عوامی تحریک اور ان کی دیگر اتحادی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان مواصلاتی رابطے برقرار نہ رہ سکیں۔ اس کے علاوہ ایئرپورٹ جانے والے تمام راستوں کو بھی بند کرنے کابھی امکان ہے جس کے بعد ایئرپورٹ میں اسی شخص اور اس کے عزیز و اقارب کو جانے دیا جائے گا جس کے پاس بورڈنگ کارڈ یا دیگر سفری دستاویزات ہوں گے۔