خضدار: جمعیت طلبائے اسلام خضدار کے زیر اہتمام طلباء تنظیموں کی آزادی کے سلسلے میں ایک ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیا گیا، ریلی کی قیادت جے ٹی آئی بلوچستان کے معاون کنوینر حافظ جمیل ابرار کررہے تھے۔ مظاہرین نے ہاتھو ں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھار کھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔
خضدار پریس کلب کے سامنے مظاہرین سے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنماء سینیٹر مولانا فیض محمد، جے ٹی آئی بلوچستان کے معاون کنوینر حافظ جمیل احمد ابرار، جے ٹی آئی خضدار کے صدر بلال احمد مردوئی، انفارمیشن سیکریٹری ولی اللہ شاہوانی، جے یوآئی مدینہ کے رہنماء حافظ بقاء قلندرانی، و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ طلباء تنظیمیں ہماری سیاست کی نرسریاں ہیں، جو نہ صرف طلباء کو شعو رو آگاہی فراہم کرتیں بلکہ یہی تنظیمیں ہی قوم کو تجربہ کار سیاسی رہنماء بنا کر دیتی ہیں ان طلباء تنظیموں پر پابندی سے قومی سوچ اور ذہنوں کو منجمد کرنے کے مترادف ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ ان طلباء تنظیموں پر پابندی کا خاتمہ کیا جائے اور فوری طور پر انہیں آزادی رائے کا حق دیا جائے۔مقررین نے کہاکہ جمعیت طلبائے اسلام ملک کی وہ واحد طلباء تنظیم ہے جو دوران تعلیم طلباء کے اخلاق، سوچ اور فکر اچھی تربیت کے ذریعے بہتر بناتے ہیں وسیع سوچ اسلامی سوچ اور قرآن و حدیث کی تعلیمات سے آشناکر تی ہیں، عصری اور دینی طلباء کو یکساں سوچ فراہم کرنے کے لئے جے ٹی آئی واحد طلباء تنظیم ہے جو یہ خدمت کئی دھائیوں سے سرانجام دے رہی ہے۔ جمعیت طلبائے اسلام کے آج مظاہرے کا مقصد بھی طلباء تنظیموں سے پابندی کاخاتمہ کرنا ہے اور طلباء و آذادی دینا ہے، اس سلسلے میں جے ٹی آئی جدوجہد جاری رکھے گی۔