|

وقتِ اشاعت :   December 6 – 2019

خضدار: میراووٹ میری پہچان کے عنوان سے خضدار میں ووٹر ڈے منایا گیا اس دوران میونسپل کارپوریشن خضدار میں ایک سیمینارمنعقد کیاگیا جس میں خضدار کی تمام سیاسی و سماجی اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے رہنماء اور نمائندگان کو دعوت دی گئی تھی۔

سیمینار ریجنل آفیسر محمد حاجن کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ تقریب سے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد، آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین مولانا عنایت اللہ رودینی،بی این پی ضلع خضدار کے سینئر نائب صدر شفیق الرحمن ساسولی، ریجنل آفیسر الیکشن کمیشن محمد حاجن، چیئرمین مزدور اتحاد خضدار صابر حسین قلندرانی، جے یوآئی کے رہنماء مولانا محمد صدیق مینگل، بی این پی خضدار سٹی کے صدر حاجی محمد اقبال لانگو، انجمن تاجران خضدار کے صدر سید سمیع اللہ شاہ، بی این پی (عوامی) خضدار کے آرگنائزر نورالدین چھٹہ،تحریک انصاف کے رہنماء حاجی محبوب کرد،جے یوآئی نظریاتی کے رہنماء عبدالغفور کرخی، ڈاکٹر حضوربخش زہری،خضدار اتحاد کے رہنماء عبدالغفار زہری عبدالستار مری، عرفان گنگو، عبدالغنی مینگل، زمیندار رہنماء عبدالوہاب غلامانی، مولانا عبدالکریم متوکل، قاری عبدالجلیل و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جمہوریت، ووٹ اور حق رائے دہی انسان کے ضمیر کے عین عکاس و ترجمان ہیں، حق رائے دہی میں آذادی اور حق رائے دہی کا مثبت استعمال سے ہی قومیں و مملکت بنتے ہیں، اپنے علاقہ معاشرہ اور اپنے مستقبل کے لئے حق رائے دہی کے مثبت استعمال ہی واحد ذریعہ ہے۔

اس لیئے ووٹ کو ایک تو دیانت اور امانت سمجھ کر ایسے دیانتد ار رہنماء کے حق میں استعمال کیاجائے جو ماضی و مستقبل کے لحاظ سے پاکیزہ سوچ، تر قی پسند، عوام دوست، مساوات و انصاف و کردار کے حامل ہو، اس لیئے آج ووٹر ڈے منایا جارہاہے اور اسے میرا ووٹ میری پہچان کا نام دیا گیا ہے،انسان اپنی پہچان ووٹر کے ذریعے کرسکتا ہے، عوام میں یہ شعو روآگاہی دینے کی ضرورت ہے کہ وہ ووٹ کا مثبت استعمال کریں اور ایسے نمائندے کے حق میں ووٹ کاسٹ کرے جو حقیقی معنوں میں عوام کا درد اور خیر خواہی اور سوچ رکھتا ہو،ترقی پسند علاقہ پسند ہو،اس لیئے آج ہمیں سیاسی جماعتوں سے بالا تر ہو کر ووٹر کو یہی سوچ دینا چاہیئے کہ وہ اپنا ووٹ اپنی مرضی اور اپنے منشاء ہی سے واپنے ہی بہتر مفادو بہتر مستقبل کو مد نظر رکھ کر استعمال میں لائیں۔

نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاکہ جمہوریت ایک اچھا پیغام عوام کی پہچان ہے جمہوریت ہی کے ذریعے ہم اس ملک و صوبے کے عوام کی تقدیر بدل سکتے ہیں، توانا جمہوریت کے لئے ضروری ہے کہ ووٹر اپنا ووٹ سوچ سمجھ کر ایسے نمائندوں کے حق میں استعمال میں لائیں جو ان کی حقیقی معنوں میں خدمت گار پہچان ہوں اور ان کی خدمت کا حق ادا کرتا ہو، بہتر حق رائے دہی استعمال کرنے سے ہی ملک علاقے اور قومیں ترقی کر پاتی ہیں اور وہاں کے عوام کا معیارزندگی بہتر سمت کی جانب گامزن ہوتا ہے۔