|

وقتِ اشاعت :   June 29 – 2014

بیلو ہوریزونٹے(آزادی نیوز)ورلڈ کپ 2014 کے دوسرے مرحلے میں برازیل نے پنلٹی ککس پر چلی کو ہرا کر کواٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جہاں اس کا مقابلہ یوروگوائے یا کولمبیا سے ہوگا۔ مقررہ وقت میں میچ ایک ایک گول سے برابر رہا اور ایکسٹرا ٹائم میں بھی کوئی ٹیم گول کرنے میں ناکام رہی۔ برازیل کے شہر بیلے ہوریزونٹے میں کھیلے گئے میچ کے شروعات سے ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور برازیل کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب 18ویں منٹ میں ڈیوڈ لوئز نے گول کرکے برازیل کو ایک گول کی برتری دلادی تاہم اس کی یہ برتری زیادہ دیر تک نہ رہ سکی اور 32ویں منٹ میں چلی کے الیکسس سانشیز نے گول کرکے مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر کردیا اور یوں میچ کا پہلا ہاف برابری پر ختم ہوا۔میچ کے دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کئے لیکن کوئی ٹیم برتری حاصل نہ کرسکی اور دوسرا ہاف بھی بغیر کسی فیصلے کے ختم ہوا۔ اب میچ کا فیصلہ کھیل کے اضافی وقت میں ہونا تھا جس کے تحت دونوں ٹیموں کو 15، 15 منٹ کے دو ہاف میں فتح کن گول کرکے مقابلہ اپنے نام کرنا تھا لیکن شائد قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا اور اضافی وقت میں بھی کسی ٹیم کے گول نہ کرنے پر مقابلہ پنالٹی ککس پر چلا گیا۔برازیل کی جانب سے ڈیوڈ لوئس نے پہلی پنلٹی پر گول کیا لیکن چلی نے پہلی اور دوسری پنلٹی ککس ضائع کیں۔ برازیل دوسری پنلٹی پر گول نہ کر سکا اور ویلین کی کک گول سے باہر چلی گئی۔ برازیل کے مارسیلو نے تیسری پنلٹی پر گول لیکن ہلک نے چوتھی پنلٹی ضائع کردی۔ ادھر چلی نے تیسری اور چوتھی پنلٹی پر گول کر کے میچ دو دو گول سے برابر کر دیا۔ میچ کی پانچویں پنٹلی پر نیمار نیگول کر دیا جو فیصلہ کن ثابت ہوا۔ چلی نے پانچویں اور آخری پنلٹی کو ضائع کر کے میچ برازیل کے نام کر دیا۔برازیل کے گول کیپر نے دو پنلٹیز روکیں۔چلی کے اہم کھلاڑی الیکسس سانچز پنلٹی پر گول نہیں کر سکے۔واضح رہے کہ کوپاکبانا کیساحل پر لگی بڑی سکرین پر میچ دیکھنے کے لیے شائقین کی ایک بڑی تعداد جمع تھی ۔