|

وقتِ اشاعت :   June 30 – 2014

پچاس لاکھ سے کم آبادی کے ملک کوسٹا ریکا نے ایک سخت مقابلے میں یونان کی ٹیم کو پنلٹی ککس پر ہرا کر کواٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جہاں اس کا مقابلہ ہالینڈ سے ہوگا۔ جب دونوں ٹیمیں مقررہ وقت اور ایکسٹرا ٹائم میں ایک دوسرے کو مات نہ دے سکیں تو میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا۔کوسٹا ریکا نے پانچوں پنلٹی ککس پر گول کیے جب کہ یونان چوتھی پنلٹی پر گول نہ کر سکا اس طرح ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔ کوسٹا ریکا نے پہلی بار کواٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں کوسٹا ریکا کے کپتا رویز نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلوا جو میچ کے اختتامی لمحات تک قائم تھی۔ پہلے گول کے ایک منٹ بعد ایسا موقع آیا جب کوسٹا ریکا اپنی برتری کو دگنا کر سکتا تھا لیکن میچ ریفری یونان کے کھلاڑی کا ہینڈ بال دیکھنے میں ناکام رہا۔ انگلینڈ کے سابق کھلاڑی لی ڈکسن کےمطابق اگر ریفری دیکھ لیتا تو یہ یقینی پنلٹی تھی۔ یونان نے آخری منٹوں میں دس کھلاڑیوں پر مشتمل کوسٹا ریکا کی ٹیم پر پریشر بڑھانا شروع کیا اور آخر کار میچ کے 90ویں منٹ میں یونانی کھلاڑی سوکراتیس پاپاستاتھوپولوس نے گول کر کے میچ کو برابر کر دیا۔ ایکسٹرا ٹائم میں دونوں ٹیمیں کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکیں اور میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ یونان کو پہلے ہاف میں زیادہ مواقعے ملے۔ یونان ایک موقع پر برتری حاصل کرنےسے صرف انچوں دور رہ گیا اور کوسٹا ریکا کے گول کیپر نےگرتے گرتے پاؤں سے یونانی کھلاڑی کی کک کوگول سے باہر پھینک دیا۔ کوسٹاریکا نے اس ورلڈ کپ میں اپنی کارکردگی سے سب کو حیران کیا ہے اور اپنے گروپ میں سات پوائنٹس حاصل کر کے سر فہرست رہا۔تین گروپ میچوں میں مخالف ٹیمیں کوسٹا ریکا کے خلاف صرف ایک گول کر سکیں۔ کوسٹا ریکا نے اٹلی اور یوروگوائے کو شکست دی جبکہ انگلینڈ کے خلاف اس کا میچ برابری پر ختم ہوا تھا۔