|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2019

تربت : صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ 3ارب روپے کی لاگت سے تربت سٹی ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے نئے فیز کی منظوری دیدی گئی ہے جس پربہت جلدکام کا آغاز ہوجائے گا۔

تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد تربت سٹی ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے نئے فیز کی منظوری دی گئی ہے جس میں تربت شہر کی خوبصورت،دو رویہ سڑکوں کی تعمیر، ماڈل اسکول کے قیام، ڈی ایچ کیو ہسپتال کی تزئین وآرائش سمیت تربت سیف سٹی پروجیکٹ کے منصوبے بھی شامل ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کیچ سول سوسائٹی کی وٹس اپ گروپ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ تربت سٹی ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے نئے فیز پر 3ارب روپے کی لاگت آئے گی جبکہ تربت شہر کو محفوظ واورامن وامان کے حوالے سے مثالی شہربنانے کیلئے تربت سیف سٹی پروجیکٹ کی مدمیں بھی15کروڑ روپے سے زائد رقم رکھی گئی ہے۔

کیچ سول سوسائٹی کے ارکان نے موجودہ حکومت کی جانب سے تربت سٹی ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کوبرقرار رکھنے اورنئے فیزکیلئے3ارب روپے کی منظوری پرحکومتی وژن اور میر ظہوراحمدبلیدی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ تربت سٹی ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے نئے فیزکے اجراء سے تربت شہر ایک جدید وماڈل شہرکی طرح ابھرکر سامنے آئے گا۔

واضح رہے کہ تربت سٹی ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کی بنیاد سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے رکھی تھی جس کے تحت شہرکی سڑکوں کی توسیع، شجرکاری، اسٹریٹ لائٹس وغیرہ کی تنصیب کے منصوبے مکمل کئے گئے تھے جبکہ کئی ایک کمپوننٹ تشنہ تکمیل تھے، شہریوں نے موجودہ حکومت کی جانب سے تربت سٹی ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کو برقرار رکھنے کے اقدام پرخوشی ومسرت کااظہارکیاہے۔