|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2019

کوئٹہ: رہبرکمیٹی کی کال پر پلاب سی کے تحت آل پارٹیز کے زیراہتمام کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرہ کیاگیا،مظاہرے میں متحدہ اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان ودیگرصوبائی قائدین شریک تھے جنہوں نے مطالبات کے حق میں پلے کارڈاوربینراٹھائے تھے۔

مظاہرین نے ”نعرہ تکبیراللہ اکبراورگونیازی گوکے نعرے لگائے“،احتجاجی مظاہرے جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیرمولاناعبدالرحمن رفیق،نیشنل پارٹی کے ضلعی صدرحاجی عطامحمدبنگلزئی،پاکستان پیپلزپارٹی کے ضلعی صدرولی محمدقلندرانی،پی ایم ایل ن کوئٹہ ڈویڑنل صدررحیم کاکڑ،پشتونخوامیپ کے ضلعی جنرل سیکریٹری قادرآغاودیگر نے خطاب کیا۔

مقررین کاکہناتھا کہ 2018کے عام انتخابات میں ملک کے حقیقی نمائندوں کاراستہ روک کرجعلی لوگوں کو پارلیمنٹ بھیجاگیا توکہ وہ غیرآئینی اقدامات کرکے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کریں،انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈوزیراعظم عمران خان نے انتخابات سے قبل ریاست مدینہ کادعویٰ کرکے علماء کرام ومذہبی رہنماؤں کی ہمدردی حاصل کرناچاہا تاہم برسراقتدارآکرانہوں نے انبیاء کرام کی شان میں گستاخی کی اورایسے اقدامات اٹھائے جس سے لوگوں کی مشکلات میں مزیداضافہ ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ مرکزمیں نااہل حکومت نے اداروں کو مستحکم کرنے،روزگارکی فراہمی،معیشت کی بہتری اورمہنگائی پرقابوپانے کے برعکس ٹیکسز عائد کرکے ہوشربا مہنگائی میں اضافہ کیا جس کی وجہ سے غریبوں کودشواری کاسامناکرناپڑرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اس لئے جمہوریت کی بقاء کیلئے پرامن طورپراحتجاج کررہے ہیں قائد جمعیت علماء اسلام مولانافضل الرحمن کی کال پرآزادی مارچ کے سلسلے میں ملک بھرسے قافلے نکلے ہم نے کوئی سڑک بلاک نہیں کیابلکہ ایمبولینسوں کوبھی راستہ فراہم کیا۔

مقررین کاکہناتھا کہ نااہل صوبائی حکومت نے 37ارب روپے وفاقی حکومت واپس کرکے عوام کیساتھ ناانصافی کی اتنی بڑی رقم کو لوگوں کی فلاح وبہبوداورصوبے میں ہسپتال اورسکولوں کی تعمیر سمیت غریب عوام کو روزگار کیلئے دیاجاتا توصوبہ ترقی کرتامگرایسا نہیں کیاگیا۔

انہوں نے تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ نااہل صوبائی حکومت بلوچستان یونیورسٹی واقعے میں ملوث ہماری بہن اوربیٹیوں کی عزت کیساتھ کھیلنے والوں کو بھی سزانہیں دے سکتی باعث تشویش امریہ ہے کہ اس شرمناک واقعے میں ملوث لوگوں کواہم عہدوں پرفائز کیاگیا جوکہ حکومت کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کے اثرات نمودارہوناشروع ہوگئے ہیں آصف علی زرداری جیل سے رہا ہوگئے آنے والے دنوں میں مزیدخوشخبریوں کاامکان ہے اوریہ دسمبرکامہینہ سلیکٹڈوزیراعظم کیلئے آخری مہینہ ثابت ہوگا اوروہ بہت جلد ملک چھوڑکربھاگ جائیں گے،انہوں نے کہ اپوزیشن اتحادمیں شامل جماعتیں نچھلی سطح پرلوگوں کوسستے انصاف کی فراہمی،بجلی،گیس اورپینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی کیخلاف بھی آوازاٹھائیں تاکہ کوئٹہ کے شہریوں کواس دہرے عذاب سے نجات دلایاجاسکے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بقاء،آئین وقانون اورپارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے پرامن طورپراحتجاج کررہے ہیں اورقائدین کے فیصلے کے مطابق سلیکٹڈحکمرانوں کے گھرجانے تک اپنے فیصلے پرکھڑے رہیں گے۔