قلات: قلات میں گیس و بجلی بندش سمیت دیگر تمام درپیش مسائل پر گرینڈ الائنس کا اجلاس و احتجاجی مظاہرہ و نعرہ بازی، مسائل حل نہ ہونے پر شٹر ڈاون ہڑتال وپہیہ جام کا اعلان۔تفصیلات کیمطابق بی اینڈ آر ریسٹ ہاوس قلات میں قلات گرینڈ الائنس کا اجلاس زیر صدارت جے یو پی کے رہنما مولانا رحمدل حلیمی منعقد ہوا۔
اجلاس میں بی این پی عوامی، جمیعت علما اسلام ف، جے یو پی، پاکستان مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، تحریک لبیک، سنی تحریک، مشترکہ ملازمین، قلات نوجوان اتحاد، انجمن اتحاد نوجوانان کے رہنماوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں مولانا رحمدل حلیمی، گرینڈالائنس کے آرگنائزرحاجی غلام قادر عمرانی، سردار علی اکبر مینگل، ملک عبدالعلیم زہری، اسداللہ نیچاری، ملک کبیر بن یوسف، مولانا محمد حسن سعیدی،قاری غلام مصطفی نیچاری، میر ایاز مینگل، میر عبداللہ لانگو، شیر احمد زہری، فضل الرحمان زہری، حافظ زکریا شاکر، زکریا جتک، میر مولا بخش عمرانی، عبدالقدیر نیچاری، ظہور احمد قادری، حفیظ سائد براہوئی، ناصر احمد، وقاص مینگل، عرفان احمد، عبدالحمید عمرانی، عبدالعلیم قلندرانی سمیت دیگر شریک ہوئے۔
اس موقع پر قلات کے بنیادی مسائل جن میں گیس بندش، بجلی لوڈشیڈنگ، پانی، سڑکوں کی حالت زار، صحت و تعلیم بے روزگاری، سیوریج سسٹم، مٹن و سبزی مارکیٹ کی غیر فعالی، ترقیاتی منصوبوں کی مکمل نہ ہونے سمیت دیگر مسائل پر تفصیلی بحث ہوئی اور شرکا نے مختلف تجاویز دیئے۔ اجلاس کے بعد احتجاجی مظاہرہ ہوا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے۔
مظاہرین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت قلات میں گیس مکمل بند ہے لوگ مجبورا نقل مکانی کررہے ہیں، بجلی کی آنکھ مچولی و طویل لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ کاروبار سمیت زراعت تباہ ہوچکی ہے ٹیلرز ماسٹرز سمیت دیگر صارفین کو نقصانات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قلات بلوچستان کا سب سے سرد ترین علاقہ ہے درجہ حرارت منفی بارہ سینٹی گریڈ تک گر جاتا ہے۔ عوام گیس و بجلی کے محکموں کے رحم کرم پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ قلات میں بنیادی مسائل کیلئے ہم میدان میں نکلے ہیں احتجاجی مظاہرہ، ریلی نکال کر بیانات جاری کئے مگر مسائل جوں کے توں ہے۔عوامی نمائندے اور حکومت خواب غفلت میں رہ کر عوامی مسائل کے حل۔میں کوئی دلچسپینہیں رکھتے اور عملی اقدامات نہ اٹھانا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرینڈ الائنس نے مسائل کے حوالے سے سیاسی قبائلی عمائدین، عوامی نمائندوں اور آفیسران سے جلد ملاقات اور رابطہ کا فیصلہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ سابق صوبائی وزیر شہزادہ آغا عرفان کریم، سینیٹر میر کبیر جان محمد شہی، سردار زادہ میر سعید جان لانگو، ٹکری شفقت لانگو و دیگر نے ہمارے گرینڈ الائنس کے تحریک کی حمایت کرکے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہیں۔ ہم انکی جانب سے یقین دہانی پر مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج حقوق کے حصول اور مسائل کے حل تک جاری رہے گی ہفتہ وار احتجاجی مظاہرہ کرکے احتجاج ریکارڈ کرینگے اگلے اجلاس میں قومی شاہراہ پر پیہہ جام اور شٹرڈاون کے حوالے سے مشاورت کرکے احتجاج کو مزید وسعت دینگے۔ آخر میں۔مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔