میں جب بھی گاؤں جاتا ہوں تو میرے سامنے گاؤں کی وہی تصویر آجاتی ہے جو میرے بچپن میں ہوا کرتا تھا، سوالات میرے گرد ڈیرہ ڈالتے ہیں میرے گاؤں کے بچے اور بچیاں تعلیم سے محروم کیوں ہیں؟ کھوج لگانے کی کوشش کرتا ہوں مگر جواب تلاش نہیں کرپاتا۔نہ ہی گاؤں کے مرد پڑھے لکھے اور نہ ہی خواتین۔ ایک دن ایک خاتون سے سامنا ہوا،بغل میں بیمار بچہ مسلسل روتا چلا جا رہا تھا،سوال ان سے یہی تھا کہ ڈاکٹر کو دکھایا تو کہنے لگیں ہاں دکھایا تو ضرور مگر ڈاکٹر نے کہا کہ کچھ نہیں۔
جب رپورٹ دیکھا تو بچہ انیمیا کی بیماری کا شکار تھا۔ ماں پڑھی لکھی نہیں تھی جو وہ خود رپورٹ پڑھ پاتی۔ بچہ تو بچہ ماں بھی خون کی کمی کا شکار، نہ خوراک کے پیسے اور نہ ہی بچے کے لیے دودھ خریدنے کی استطاعت، دودھ کی بجائے بوتل میں قہوہ چائے ڈال کر بچے کو پلارہی تھی۔ اب بھلا ایسی فضا میں جہاں لوگوں کے پاس خوراک اور بچے کو دودھ پلانے کے پیسے نہ ہوں تو بھلا وہاں کا باسی اپنی موجودہ نسل کو تعلیم کیسے دلائے۔
1ہزار کی آبادی پر مشتمل ضلع آواران کا گاؤں عبدالستار گوٹھ سستگان جھاؤ کے بچے گزشتہ تین سالوں سے حصول علم سے محروم ہیں۔ تین سال کے دوران کمیونٹی نے سکول کا مقدمہ بارہا تعلیمی ذمہ داران کے سامنے رکھا مگر ان کی آواز سنی ان سنی کر دی گئی۔ کمیونٹی سے جڑت کے باعث میری کیا ذمہ داریاں ہیں انہی خیالات نے مشیر تعلیم کو درخواست لکھنے پر آمادہ کیا،یہی خیال تعلیمی مہم کے آغازکا سبب بنا۔ 4اکتوبر 2019کو سکول کی بندش کا فریاد ہم مشیر تعلیم بلوچستان کے پاس لے کر گئے۔مسئلے کے ممکنہ حل کے لیے انہوں نے ہمیں سیکرٹری ثانوی تعلیم بلوچستان کے پاس بھیجا۔
سکول میں نظام تعلیم کی بحالی کیلئے 23اکتوبر تک ہم سیکرٹری تعلیم کا دروازہ روزانہ کھٹکھٹاتے رہے، نہ ہی سیکرٹری تعلیم مل پائے اور نہ ہی مسئلہ حل ہو پایا۔ 19دن کی طویل انتظار کے بعد 23اکتوبر 2019کو ہم نے تعلیمی مہم بعنوان ”بلوچستان ایجوکیشن سسٹم“ لانچ کیا جو تاحال جاری ہے۔ مہم کو لانچ کرتے وقت ہم نے اپنے آپ سے عہد کیا کہ ہماری یہ مہم فقط ایک بند سکول تک محدود نہیں رہے گی بلکہ ہم بلوچستان بھر کے بند سکولوں کو کھولنے کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔چونکہ پرائمری سکول عبدالستار گوٹھ اس مہم کو بنیاد فراہم کر گیا تھا سو ہم نے مہم کا آغاز سوشل میڈیا اور میڈیا کے ذریعے اسی سکول سے کیا۔
ہماری جدوجہد رنگ لے آئی، سکول کھل گیا۔ایک استانی کے ساتھ سکول میں داخل بچے اور بچیوں کی تعداد 108 تک پہنچ گئی ہے۔ یہ نہ صرف ہماری مہم کی کامیابی تھی بلکہ ان بچوں کی بھی جنہیں جان بوجھ کر تعلیمی میدان سے دور رکھا جا رہا تھا۔ مہم کو ہم نے پورے ضلع آواران تک پھیلا دیا۔ رضاکاروں کی مدد سے ہم سکولوں کا سروے کرتے گئے۔ بلوچستان ایجوکیشن سسٹم کے اس سروے کے مطابق ضلع آواران میں سرکاری سکولوں کی تعداد 380ہے جن میں 192 سکولز بند ہیں جس کی وجہ سے 10ہزار کے قریب بچے حصولِ علم سے محروم ہیں۔
جوں جوں ہماری سروے کا سلسلہ طول پکڑتا گیا ایک بھیانک تصویر ہمارے سامنے یہ آگئی کہ سکولوں کی بندش اور تعلیمی تباہ حالی میں محکمہ تعلیم کے ذمہ داران کا ہاتھ ہے جنہوں نے تعلیم دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے اساتذہ کو کھلی چھٹی دے رکھی تھی اور ان غیر حاضر اساتذہ کو تنخواہیں ان کے گھروں تک پہنچائی جا رہی تھیں۔ دورانِ سروے ہمارے پاس 210غیر حاضر اساتذہ کی فہرست آگئی جنہیں سیاسی بنیادوں پر یا محکمہ تعلیم کے ذمہ داران سے بارگیننگ کرنے پر کھلی چھٹی مل گئی تھی۔
ہم نے دوران سروے 100سے زائد ایسے سکولوں کی نشاندہی کی جن کا ڈھانچہ بغیر کسی ضرورت کے قائم کیا گیا تھا سکولوں کا ڈھانچہ کھڑا کرنے کا بنیادی مقصد تعلیم دلوانا نہیں بلکہ سیاسی ووٹرز اور سپورٹرز کو بلڈنگ، ملازمتوں اور بجٹ کی مد میں فائدہ پہنچانا تھااور جہاں سکولوں کو عمارت کی ضرورت تھی وہاں بچے جگیوں کے اندر یا کھلے آسمان تلے حصولِ علم کے لیے مجبور تھے۔سکول فرنیچرز، سائنسی سامان اور لیبارٹری سے محروم تھے۔ ضلع بھر میں 500 سے زائد اساتذہ کی پوزیشنز کئی سالوں سے خالی ہیں جنہیں جان بوجھ کر پر نہیں کیا جا رہا۔ پورے ضلع کا تعلیمی نظام فقط 10سائنس اساتذہ کے سہارے پر چل رہا تھا پریکٹیکل کلاسز کہیں پر بھی نہیں ہو رہے تھے۔ ہم نے دوران سروے 60 سے زائد ایسے سکولوں کی نشاندہی کی جو کئی سالوں سے بند تھے مگر 2019-20 کے سالانہ بجٹ میں ان کے لیے بجٹ مختص تھااور 100سے زائد سکول ایسے تھے جو فعال رہنے کے باوجود کئی سالوں سے بجٹ سے محروم تھے اور یہ تمام صورتحال حاضر باش اساتذہ اور طلبا و طالبات کو اذیت پہنچا رہی تھی۔
ہم نے نہ صرف سکولوں کا سروے کیا اور شعبہ تعلیم کو درپیش مسائل اجاگر کیے بلکہ ذمہ داران سے ملے، صوبائی وزیر خزانہ بلوچستان، مشیر تعلیم بلوچستان، سیکرٹری سیکنڈری ایجوکیشن بلوچستان، ضلعی تعلیمی آفیسران و انتظامیہ، چئیرمین CMIT، سیاسی جماعتوں اور ان کے رہنماؤں، ماہرین تعلیم اور پالیسی سازوں سے ملے اور ان تک پیغام پہنچایا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان تک اپنی آواز بذریعہ خط پہنچانے کی کوشش کی۔ دورانِ سروے ہم نے محسوس کیا کہ شعبہ تعلیم میں سیاسی بنیادوں پر ماضی میں جو جو بھرتیاں کی گئی تھیں، وہ غیر حاضر ہیں اور انہیں سیاسی جماعتوں کی سرپرستی حاصل ہے۔
یہی وجہ رہی کہ سیاسی جماعتیں ہماری مہم کی حمایت سے قاصر رہے، تعلیم ذریعہ روزگار کا نعرہ جو ماضی میں لگایا گیا تھا اس کا عملی مظاہرہ تاحال کیا جا رہا ہے جس کا نقصان تعلیمی میدان کو ہو رہا ہے کہ اساتذہ اپنا علم منتقل کرنے نہیں بلکہ حصول روزگار کے لیے ہیں اور حصول روزگار کے متمنی یہ اساتذہ صرف تنخواہیں وصول کر رہے ہیں ڈیوٹی نہیں دیتے۔
بلوچستان کو شعبہ تعلیم کے اندر بہتری لانے کے لیے اصلاحات کی ضرورت ہے بلکہ اس خلا ء کو پر کرنے کی ضرورت ہے جو ذمہ داران کی غلط پالیسیوں کے باعث بلوچستان کے بچوں کو درپیش ہے۔ ہم نے سماجی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے ان پر کام کیا ہے ایک خاکہ لایا ہے اب یہ حکومت اور پالیسی سازوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس خلا ء کو پر کرنے کے لیے زبانی نہیں بلکہ عملی اقدامات اٹھائیں،یہیں سے بلوچستان کو ترقی کی راہوں پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔
سرگرمیوں کی ویڈیو رپورٹ لنکس