|

وقتِ اشاعت :   December 17 – 2019

لاہور: عدالت نے چونیاں میں کمسن بچوں کے ساتھ زیادتی اور انہیں قتل کرنے والے ملزم سہیل کو 3 بار سزائے موت کا حکم سنایا ہے۔

کوٹ لکھپت جیل لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں چونیاں میں کمسن بچوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کیس کی سماعت ہوئی، کیس کی سماعت اے ٹی سی کے جج محمد اقبال نے کی، ملزم سہیل شہزاد کا 342 کا حتمی بیان قلمبند کیا گیا۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج محمد اقبال نے کمسن بچوں کے ساتھ زیادتی و قتل کیس کے ملزم سہیل کو تین مرتبہ سزائے موت سنا دی۔

واضح رہے کہ چونیاں میں 4 بچوں سے زیادتی اور قتل کا ملزم سہیل شہزاد رکشے کے ٹائروں کے نشانات سے پکڑا گیا تھا اور بعد میں ملزم کی حتمی گرفتاری کے لیے ایک بچے کی لاش اور تین بچوں کی ہڈیوں سے ڈی این اے سیمپل لے کر  1543 مشکوک افراد کے ڈی این اے ٹیسٹ کئے گئے جب کہ 1649 مشکوک افراد کی جیوفینسنگ کی گئی، جس کے بعد ایک سیمپل ملزم سہیل شہزاد سے میچ کرگیا تھا۔