|

وقتِ اشاعت :   July 6 – 2014

فٹبال کے ورلڈ کپ مقابلوں کا سیمی فائنل کھیلنے کے لیے ارجنٹائن کا 24 برس کا انتظار اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے اور جنوبی امریکی ٹیم 1990 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کی آخری چار ٹیموں میں شامل ہوگئی ہے۔ 2014 کے ورلڈ کپ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن نے بیلجیئم کو ایک گول سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ ارجنٹائن نے اپنا آخری سیمی فائنل 1990 میں اٹلی میں ہونے والے ورلڈ کپ میں کھیلا تھا اورگذشتہ دو ورلڈ کپ مقابلوں میں وہ کوارٹر فائنل کے مرحلے میں ہی باہر ہوئی تھی۔ برازیلیا میں کھیلے جانے والی تیسرے کوارٹر فائنل میں کھیل تیزی سے شروع ہوا اور ارجنٹائن آغاز سے ہی بہتر ٹیم دکھائی دی۔ تیسرے ہی منٹ میں ارجنٹائن نے بیلجیئن گول پر بائیں جانب سے ایک خطرناک حملہ کیا جسے دفاعی کھلاڑی اور بیلجیئم کے کپتان ونسنٹ کومپنی نے ناکام بنا دیا۔ اس کوشش میں ناکامی کے باوجود ارجنٹائن نے بیلجیئم کو مسلسل دباؤ میں رکھا اور پھر میچ کے آٹھویں منٹ میں گونزالو ہیگوئن نے لیونیل میسی کے پاس پر گیند بیلجیئن گول میں پھینک دی۔ ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد بیلجیئم کی ٹیم مزید دباؤ میں آ گئی اور اس سے مسلسل غلطیاں ہوئیں جس پر کپتان کومپنی اور بیلجیئم کے کوچ ناراض بھی دکھائی دیے۔ پہلے ہاف میں بیلجیئم کی ٹیم ارجنٹائن کے گول پر ایک ہی اچھا حملہ کرنے میں کامیاب ہوئی لیکن کیپر سرجیو رومیرو نے کیون ڈی برائن کی شاٹ باآسانی روک لی۔ دوسرے ہاف میں بھی کھیل کی رفتار تیز رہی اور میچ کے 54ویں منٹ میں ارجنٹائن کے لیے پہلا گول کرنے والے ہیگوئن کو برتری دگنی کرنے کا موقع ملا لیکن ان کی شاٹ کیپر کو چکمہ دینے کے باوجود گول پوسٹ سے ٹکرا کر باہر چلی گئی۔ بیلجیئم کی ٹیم نے دوسرے ہاف میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک بیلجیئن حملے کے دوران ارجنٹائن کے کھلاڑی گیرے سے ’اون گول‘ ہوتے ہوتے رہ گیا۔ بیلجیئم کی ٹیم اب تک ٹورنامنٹ میں میچ کے اختتام کے قریب گول کر کے جیتتی آئی تھی لیکن اس مرتبہ وہ ایسا کرنے میں ناکام رہی اور فتح ارجنٹائن کے حصے میں آئی۔ سیمی فائنل میں ارجنٹائن کا مقابلہ ہالینڈ یا کوسٹاریکا سے ہو گا جو سنیچر کو چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں سیلواڈور میں مدِمقابل ہو رہی ہیں۔