خضدار: رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے کہاہے کہ عوام کی خدمت اور عوام کے مسائل کا حل میرے وژن کا حصہ ہیں دستیاب وسائل کے اندررہتے ہوئے عوام کی فلاح وبہبو د کے لئے خصوصی اقدامات کیئے جائیں گے۔
خضدار میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی اسکیمات کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے اور خضدار سے لیکر کودہ کوڑاسک تک عوام کے لئے پانی کی اسکیمات کے لئے رقم مختص کی گئی ہیں۔سڑکوں کی تعمیر صحت اور تعلیم کے مسائل کے حل پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے، خضدار میں ہماری کوششوں سے ٹراما سینٹر بن رہاہے جو تعمیر کے قریب پہنچ چکا ہے اور اس سے عوام کو بروقت طبی امداد کی سہولت میسر آئیگی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رکن بلوچستان اسمبلی و جے یوآئی کے مرکزی رہنماء میر یونس عزیز زہری نے کہاہے کہ میرا حلقہ وسیع و عریض علاقوں پر مشتمل ہے اور وہاں آبادی بھی تقسیم در تقسیم ہیں۔
جہاں لوگوں کو پینے کے صاف پانی کے حوالے سے کافی مشکلات کا سامنا تھاجہاں لوگ کافی مسافت طے کرکے پانی کے حصول کے لئے جاتے تھے تاہم ان کی اس مشکل کو حل کرنے کے لئے میں نے خضدار سٹی، فیرو زآباد کودہ کوڑاسک سمیت دیگر علاقوں میں پینے کے صاف پانی کے اسکیمات کے لئے رقم مختص کیا ہے۔جس سے لوگوں کو پینے کے پانی کی سہولت ان کے گھروں تک میسر آئیگی، انہوں نے کہاکہ دستیاب وسائل کے اندررہتے ہوئے عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوششیں کیئے جارہے ہیں عوام کے اعتماد کو کسی بھی طرح ٹھیس نہیں پہنچایا جائیگا۔
خضدار میں صحت کے مسائل کے لئے بھی ہماری کوششیں جاری ہیں۔ خضدار میں ٹراما سینٹر بن رہاہے جو کہ مکمل ہونے کے قریب پہنچ چکا ہے اس منصوبے سے ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کی سہولت میسر آئیگی یہ صحت کا یہ مرکز و منصوبہ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کے سنگم پر تعمیر کیا جارہاہے اس سے قبل اس کی کافی ضرورت محسوس کی جارہی تھی تاہم اب یہ سہولت ہمیں دستیاب ہونے کے قریب پہنچ چکی ہے۔