|

وقتِ اشاعت :   January 5 – 2020

کوئٹہ: وئٹہ میں ہفتے کے روز مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہااورسردی کی لہر برقرار رہی جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج سے شدید برفباری اور بارشوں کا امکان ہے محکمہ موسمیات نے عوام اور متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج (اتوار)اور کل بروز پیر بلوچستان کے پہاڑوں پر شدید برفباری اور بعض علاقوں میں شدید بارش کا امکان ہے اتوار کے روز بلوچستان کے شمالی اضلاع کوئٹہ، مستونگ، زیارت،قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ہرنائی اور پشین کے پہاڑی اور نیم پہاڑی علاقوں میں بارش /برفباری کا امکان ہے یہ سلسلہ پیر تک جاری رہیگا زیارت، کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ میں اوسط 02 فٹ تک برفباری کا امکان ہے شدیدبرفباری کے باعث ان علاقوں میں معمولات زندگی اور ذرائع آمدورفت میں خلل کا اندیشہ ہے۔

شدید بارش کے باعث کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، ہرنائی، چاغی، سبی، مستونگ اور بولان کے اضلاع کے ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو محتاط اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت 2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا جبکہ: قلات میں منفی 2،زیارت میں منفی 1ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

در اثناء صوبائی وزیر داخلہ و پی ڈی ایم اے میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق 5 جنوری سے صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور برفباری کے امکانات ہیں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت زیارت مسلم باغ قلات مستونگ سوراب میں برفباری کا امکان ہے صوبائی وزیر داخلہ نے محکمہ پی ڈی ایم اے کے افسران و اہلکاروں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کیلیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے میں ممکنہ بارشوں و برفباری کی تیاریوں سے متعلق منعقدہ اجلاس کے موقع پر بات چیت کر تے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما کی آمد کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور آگے چل کر برفباری ہونے کے بھی امکانات ہیں جس کے پیش نظر کوئٹہ سمیت صوبہ بھر کے تمام علاقوں کے عوام کو نہ صرف احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جائے بلکہ انھیں فوری ریلیف پہنچانے کے لئے متعلقہ عملے کو تیار رکھا جائے اور ضلعی انتظامیہ کو بھی ممکنہ برفباری کی شدت سے بند شاہراہوں کی فوری بحالی کیلئے پیشگی انتظامات اور تمام اضلاع کے پاس موجود وسائل اور ریلیف کے سامان کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اس ضمن میں تمام ضروری مشینریز کو بھی تیار رکھا جائے۔

تاکہ بروقت استعمال میں دشواری پیش نہ آئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کو تمام متعلقہ مشینری فراہم کر رکھی ہے اور ضرورت پڑنے پر انہیں دیگرضروری اشیا ء و مزید مشینری فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے ماضی میں اس نوعیت کے حالات میں پی ڈی ایم اے کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پی ڈی ایم اے کوجدید خطوط پر استوار کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔