ریو دی جنیرو: برازیل فٹبال کنفیڈریشن(سی بی ایف) نے سابق کپتان ڈُنگا کو لوئز فلپ اسکولری کی جگہ نیا کوچ مقرر کردیا ہے۔
ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں برازیل کو عالمی چیمپیئن جرمنی کے ہاتھوں 1-7 کی عبرت ناک شکست اور ایونٹ سے باہر ہونے کے بعد برازیلین فٹبال حکام نے اسکولری کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پچاس سالہ ڈُنگا 1994 میں ورلڈ کپ جیتنے والی برازیلین ٹیم کے کپتان تھے اور انہیں دوسری مرتبہ ٹیم کی کوچنگ کی ذمے داریاں سونپی گئی ہیں۔
اپنے جوانی کے ایام میں بہترین مڈفیلڈر کہلانے والے ڈنگا نے کہا کہ میں بہت زیادہ خوش ہوں ۔۔۔۔ مجھ پر اعتماد کرنے کا شکریہ۔
ڈُنگا کا کہنا تھا کہ شائقین اس وقت بہت زیادہ مایوس ہیں لیکن وہ ٹیم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں یہاں کوئی خواب دکھانے نہیں آیا، ہمیں ہر حال میں کام کرنا ہو گا۔
سی بی ایف کے صدر جوز ماریا میرن نے ڈنگا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ورلڈ چیمپیئن تھے، ایک ورلڈ چیمپیئن ٹیم کے کپتان۔
ماریا کا کہنا تھا کہ ڈُنگا کے پاس برازیل کی ٹیم کو بلندیوںث تک پہنچانے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں ، اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ ان کے پاس کر دکھانے کی صلاحیت موجود ہے۔
ڈنگا کو 2006 کے ورلڈ کپ کے بعد برازیل کوچ مقرر کردیا گیا تھا اور چار سال قبل کوارٹر فائنل میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کے بعد انہیں اس عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔