|

وقتِ اشاعت :   July 23 – 2014

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کہ قومی مفاہمتی آرڈیننس (این آراو) کے بارے میں سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے علاوہ دیگر کچھ خاص لوگوں کو علم تھا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا اس وقت وزیر خارجہ ہونے کے باوجود وہ اس ڈیل سے بے خبر تھے۔ انہوں نے کہا کہ این آر او کے بارے میں کسی کو صحیح علم ہے تو وہ صفدر عباسی ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ زرداری این آر او معاہدے کی حیثیت پر بات چیت کرنے کے لیے واشگٹن گئے ہیں، جس کا امریکا ضامن تھا۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت سابق صدر کے خلاف کرپشن کے الزامات کی منسوخی کو یقینی بنایا گیا تھا۔ پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین نے سوال اٹھایا کہ اگر شہلا رضا کا بیان حقیقت پر مبنی ہے تو کیا چوتھی جمہوری مدت میں فوج کو مارشل لاء لگانے کی اجازت ہوگی۔ شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے اور تحریک انصاف پرویزمشرف کے معاملے میں کسی ڈیل کا حصہ نہیں بنے گی۔ واضح رہے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما کا یہ بیان پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی رہنما شہلا رضا کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں شہلا رضا نے انکشاف کیا تھا کہ تین عام انتخابات ہونے تک ملک میں مارشل لاء نافذ نہیں کیا جا سکتا۔