خضدار : سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ ہماری سیاست تمام تر نفرتوں اور تعصبات سے پاک و پاکیزہ ہے، چالیس دھائیوں سے تسلسل کے ساتھ عوام کی رہنمائی وخدمت کررہے ہیں۔
بیچ راہ میں صعوبتوں اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تب بھی عوام کی رفاقت سے ایک انچ بھی نہیں ہٹے جب بھی عوام کی نمائندگی کا موقع ملا تو صحیح معنوں میں ان کی قیادت بھی کی اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اٹھائے، دوغلی پالیسی کی ہمیشہ حوصلہ شکنی کی، ہم حق اور سچ کی پیروی کرتے رہے اور اپنے سپورٹزو کارکنان کو بھی اسی حق اور سچ پیروی کرنے کی راہ دکھائی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنی رہائشگاہ پر قبائلی رہنماء میر فدااحمد قلندرانی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں ممتاز احمد قلندرانی، وحید احمد قلندرانی، الطاف قلندرانی، زبیر شفیع قلندرانی، شجاعت علی قلندرانی و دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدرجنرل(ر) میر عبدالقادر بلوچ بھی موجود تھے۔
ملاقات کے موقع پر میر فدا احمد قلندرانی نے ایجنڈے کے مطابق اپنے علاقہ توتک کے مسائل کے بارے میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کو آگاہ کیا۔عوام کی ضرورتوں جن میں چھوٹے ڈیمز کی تعمیر، بجلی کی ترسیل، یونین کونسل کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی و دیگر جملہ مسائل سے آگاہ کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء سابق وزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ ہماری سیاست روزِ روشن کی طرح عیاں ہے اور چار دھائیوں پر مشتمل ہماری سیاست کھلی کتاب کی مانند ہے۔
ہمیشہ وہ سیاست کی اور جس سیاست کو ہم نے فروغ دیا اس میں عوام کی حقیقی معنوں میں رہنمائی، بلوچستان کے عوام کے حقوق کا حصول، صوبے کے عوام کی خوشحالی، ان کے تمام مسائل کا حل ترجیحات تھیں۔ آج بھی اسی آب و تاب کے ساتھ ہم اپنی سیاست کو آگے بڑھارہے ہیں اور عوام کی رہنمائی و ان کی خدمت کررہے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاکہ عوام کی خدمت میرا وژن ہے ہمیشہ عوام کے لئے سوچتا ہوں اور ان کی فلاح کے لئے جدوجہد کرتا ہوں، ماضی میں بھی علاقے کے مسائل میں کمی لانے کی کوشش کی ہے اور آئندہ بھی انشاء اللہ علاقائی مسائل حل کرنے کے لئے بھی اسی طرح اقدامات کیئے جائیں گے۔
میر فدا احمد قلندرانی اور ملاقات کرنے والے وفد میں شامل دیگر اراکین نے نواب ثناء اللہ خان زہری کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ یقینا ماضی میں بھی نواب ثناء اللہ خان زہری نے عوامی نمائندگی کا حق ادا کرتے ہوئے اپنی خدمات بہتر انداز میں پیش کیئے صوبہ و علاقہ کی سطح پر عوام کے مسائل حل کیئے آئندہ بھی وہ اسی طرح عوام کی خدمت کو اپنا مشن بناتے رہیں گے اور عوام کے مسائل میں بتدریج کمی آتی رہے گی۔